لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں ایل پی جی 550 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 6 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 570 سے 580 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو گیس کے حصول کیلئے بھاری رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔
لاہور میں بھی ایل پی جی کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں، گیس 550 سے 650 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے۔شہریوں کو ایک جانب گیس کے بل ادا کرنا پڑ رہے ہیں تو دوسری جانب گیس کی قلت کے باعث مہنگی ایل پی جی خریدنے پر بھی رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے، جس سے ان کے گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔کوئٹہ میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے وسطی علاقوں میں گیس 550 سے 600 روپے فی کلو جبکہ مضافاتی علاقوں میں 600 سے 640 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، ایل پی جی سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کے گھریلو اخراجات بڑھا دیئے ہیں۔
ادھر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ میں اضافے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔منڈی بہاؤالدین میں بھی ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے، مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور دیہاڑی دار مزدوروں اور سفید پوش طبقے کیلئے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔مختلف شہروں میں ایل پی جی کی بلند قیمتوں کے باعث شہریوں کو گھریلو ضروریات پوری کرنے کیلئے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ اور مہنگی ایل پی جی نے عام صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔





