مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں رواں برس ایران سے پاکستان آنے والے افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اور بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت (آئی او ایم) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم مارچ سے 16 جولائی تک 34 ہزار 196 افراد نے تفتان سرحد کے راستے پاکستان میں داخلہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران 21 ہزار سے زائد ایرانی شہری ایرانی پاسپورٹ پر پاکستانی ویزہ حاصل کرکے تفتان بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچے، جبکہ 13 ہزار سے زائد پاکستانی شہری بھی اسی راستے سے وطن واپس آئے۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک کے 99 شہریوں نے بھی تفتان سرحد عبور کی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایرانی شہریوں کی سب سے زیادہ آمد یکم مارچ سے 22 مارچ کے درمیان ریکارڈ کی گئی، جبکہ 24 مئی کو بھی قابلِ ذکر تعداد میں ایرانی شہری تفتان بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال یکم مارچ سے ایران سے پاکستان ہجرت کا سلسلہ مسلسل جاری رہا، جس کے باعث سرحدی گزرگاہ پر آمدورفت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

Leave feedback about this