Roze News

تمہاری جیلیں ختم ہو جائیں گی، ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان

تمہاری جیلیں ختم ہو جائیں گی، ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے، مولانا فضل الرحمان

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

ہم مقابلہ کریں گے، سیاسی میدان میں کریں گے اور سیاسی رویوں کے ساتھ کریں گے، ہم مشتعل مزاج لوگ نہیں ہیں، ہم بڑے طریقے اور حکمت کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں حکومت کو خبردار کرتے ہیں، پہلے سڑکوں پر آئیں گے، پھر جیلوں میں جائیں گے، کارکن متحد اور ایک صف میں رہیں، امیر جے یو آئی کا کارکنوں سے خطاب

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کے خلاف کارروائیاں بند کی جائیں، بصورت دیگر جے یو آئی مزاحمت کرے گی اور کارکن سڑکوں پر آنے کے بعد جیلیں بھرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

کارکنوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جہاں تم کھڑے ہو، وہیں رک جاؤ، اگر آپ نہیں رکیں گے تو پھر ہم سڑکوں پر آئیں گے اور اگر اس کے باوجود آپ باز نہ آئے تو ہم جیلوں میں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمہاری جیلیں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے، ہم مقابلہ کریں گے اور یہ مقابلہ سیاسی میدان میں سیاسی رویوں کے ساتھ کیا جائے گا۔ امیر جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ان کے کارکن مشتعل مزاج نہیں ہیں بلکہ وہ بڑے طریقے، نظم و ضبط اور حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت کسی بھی صورتحال میں اپنے سیاسی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو اتحاد اور اتفاق برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سب متحد رہیں، ایک صف میں کھڑے ہوں اور باہمی اختلافات سے گریز کریں۔

انہوں نے کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ اللہ کے فضل سے وہ مخالفین کی طاقت کو خاکستر کرکے رہیں گے۔ دوسری جانب ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہاہے کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ بدترین فسطائیت ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی ختم کرکے حکومت نے انتہائی شرمناک حرکت کی ہے۔اسلم غوری نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کی ڈی آئی خان رہائش گاہ اور اسلام آباد سے سیکورٹی اہلکاروں کو ہٹانے کا حکم ناقابلِ قبول ہے۔ اسلم غوری نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود پر درجنوں خود کش حملے ہوچکے ہیں،مولانا فضل الرحمان کی جان و سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ترجمان جے یو آئی نے کہاکہ حکومت واضح کرے کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی اچانک کس کے حکم پر ختم کی گئی ۔ اسلم غوری نے کہاکہ ہم حکومت کے اس غیر ذمہ دارانہ فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں، سیکیورٹی فوری بحال کی جائے۔