Roze News

’عابد شیر علی کا بلاول بھٹو کو عمران خان کی رہائی کے معاملے پر مشورہ!‘

’عابد شیر علی کا بلاول بھٹو کو عمران خان کی رہائی کے معاملے پر مشورہ!‘

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اگر بلاول بھٹو عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو اپنے والد صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے کہیں کہ سیاسی قیدی کے سائن کرکے عمران خان کی رہائی کیلئے روبکار جاری کریں ‘ لیگی سینیٹر کی گفتگو

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر عابد شیر علی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو اپنے والد اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے کہیں کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے روبکار جاری کریں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے بلاول بھٹو کے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر بلاول بھٹو واقعی عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ اپنے والد سے اس معاملے پر عملی قدم اٹھانے کا مطالبہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری صدر مملکت ہیں اور ان کے پاس اختیار موجود ہے، لہٰذا بلاول بھٹو اپنے والد سے کہیں کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے معافی نامے پر دستخط کریں اور روبکار جاری کروائیں۔

بلاول بھٹو چاہیں تو اپنے والد سے اجازت لے کر خود بھی اڈیالہ جیل جا سکتے ہیں اور عمران خان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

سینیٹر عابد شیر علی نے عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی قید کا معاملہ نہیں بلکہ ایک مقدمہ ہے، جس میں ان کے بقول کابینہ سے منظوری لیے بغیر خط کی منظوری دی گئی تھی۔ انہوں نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ اگر وہ عمران خان کے معاملے پر اتنے فکرمند ہیں تو دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے لیے بھی آواز اٹھائیں۔

عابد شیر علی نے کہا کہ بلاول بھٹو کو خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے پاس بھی جانا چاہیے اور ان کے دکھ میں شریک ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کو صرف بیانات دینے کے بجائے عمران خان کی رہائی کے لیے اپنے والد سے عملی اقدام کروانا چاہیے۔