یہ عمران خان وہی شخص ہے جس نے صدر زرداری اور فریال تالپور کو جیل بھیجا، اگر میں ضد اور انتقام کی سیاست کروں تو پھرمیں بھی کہتا کہ رگڑا دو رگڑا دیتے رہو، لیکن میں یہ نہیں کہتا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا خطاب
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آپ مولانا فضل الرحمان اور خان صاحب کو پسند کریں یا نہیں لیکن انگیج کرنا ہوگا، یہ عمران خان وہی شخص ہے جس نے صدر زرداری اور فریال تالپور کو جیل بھیجا، اگر میں ضد اور انتقام کی سیاست کروں تو پھرمیں بھی کہتا کہ رگڑا دو رگڑا دیتے رہو، لیکن میں یہ نہیں کہتا۔
انہوں نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ مولانا فضل الرحمان کو پسند کریں یا نہ کریں، وہ اپوزیشن بنچز پر بیٹھا ہے، آپ خان صاحب کو پسند کریں یا نہ کریں ، یہ عمران خان وہی شخص ہے جس نے صدر زرداری کو جیل بھیجا، جس نے فریال تالپور کو جیل بھیجا، اگر میں اپنی انا کی وجہ سے سیاست کروں، اپنی ضد اور انتقام کی وجہ سے یہ سوچوں ؟ کیا میرا انا ، میرا انتقام اس ملک کے مفاد سے زیادہ اہمیت رکھتے تو میں بھی کہتا تھا کہ رگڑا دو رگڑا دیتے رہو، لیکن میں یہ نہیں کہتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کسی سے پوشیدہ نہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی دور نہیں دیکھا۔ موجودہ صورتحال میں معاشی مشکلات کے مزید بڑھنے کا خدشہ ہے اور عام شہری اس کے اثرات براہ راست برداشت کر رہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگی صورتحال ہے اور امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کا معاشی بوجھ بھی پاکستان کے ہر شہری کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
انہیں فی الحال خطے میں کسی امن معاہدے کے امکانات نظر نہیں آرہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اس بات پر توجہ دے رہی ہیں کہ معاشی بحران کے دوران اپنے عوام کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جائے، لیکن پاکستان میں شہری مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا سامنا کر رہے ہیں۔ عوام کو ڈیزل، بجلی اور گیس کے بلوں کی صورت میں بھی بھاری معاشی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوامی مسائل اور ان کی تکالیف پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے، حالانکہ سب جانتے ہیں کہ عام آدمی کن معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ چھوٹے ہاریوں اور کسانوں کی نمائندگی کی ہے اور وہ سندھ کے چھوٹے زمینداروں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔
صفر سے 25 ایکڑ تک اپنی زمین پر خود کاشتکاری کرنے والے کسانوں کی معاونت کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کی مدد اور بہتری کے لیے سوچتی ہے، اس وقت عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بڑی مشکل سے بچایا گیا، جبکہ وزیراعظم کو معاشی مشکلات سے ملک کو نکالنے کے لیے اقدامات کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دو مرتبہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے میں کردار ادا کر چکے ہیں اور اب بھی وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شہباز شریف اپنی آئینی مدت پوری کرنے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بنیں۔





