واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کی فتح قریب ہے تاہم وہ تہران کو معاہدے کا ایک موقع دے رہے ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔امریکی ریاست فلوریڈا میں تھینکس گیونگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ جنگ میں فتح کے وقت کا تعین ان کا اپنا فیصلہ ہوگا، سچ پوچھیں تو یہ فتح جب میں چاہوں گا تب حاصل ہو جائے گی۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ نے ایران کے لیے مذاکرات کا راستہ اب بھی کھلا رکھا ہے، ہم نرمی برتنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں معاہدہ کرنے اور بہت سی جانیں بچانے کا پورا موقع دے رہے ہیں لیکن مجھے یقین نہیں کہ آیا وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے یا نہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ کچھ لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایران معاہدہ کیوں نہیں کر رہا؟ کیا وہ پاگل ہیں؟ شاید وہ واقعی پاگل ہیں۔مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ امریکا کے مستقبل کے تعلقات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو مشرقِ وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں، ہمارے پاس کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تیل موجود ہے، ہمیں جس چیز کی ضرورت ہے وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن ہے کیونکہ اس کے بغیر خطے میں شدید بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہوگا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کی صورت میں ایران اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار داغ سکتا تھا، جوہری تباہی برپا ہو سکتی ہے، اور وہ ہمارے شہروں کو بھی نشانہ بنا سکتے تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی میزائل یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگرچہ ایرانی میزائل امریکہ تک نہیں پہنچ سکتے، لیکن یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت ضرور رکھتے ہیں، اگر ہم مضبوط اور دانشمندانہ مؤقف اختیار نہ کرتے تو ایسا بھی ہو سکتا تھا۔





