شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ایٹمی ہتھیاروں اور وار ہیڈز کی غیر معمولی نمائش کر کے دنیا کی توجہ اپنی جانب سمیٹ لی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش ٹھکرانے کے بعد ایٹمی ہتھیاروں کی نمائش کی۔
رپورٹس کے مطابق کم جونگ ان نے ایٹمی ہتھیاروں کے تحقیقی ادارے اور ایسے کارخانوں کا دورہ کیا جہاں ایٹمی بموں میں استعمال ہونے والا مواد تیار کیا جاتا ہے۔
اس اہم دورے کے دوران لی گئی جو تصاویر جاری کی گئی ہیں ان میں شمالی کوریا کے رہنما کو دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ قطار میں کھڑے ہیں اور جوہری وار ہیڈز کا معائنہ کررہے ہیں۔
سامنے آنے والی تصاویر میں وار ہیڈز کے 5 مختلف ڈیزائن بھی نظر آئے، جن میں ایک انتہائی بڑے حجم کا وار ہیڈ بھی شامل ہے۔
شمالی کوریا کے رہنمائ کا کہنا ہے کہ ہماری ایٹمی صلاحیت اب ایک حقیقت بن چکی ہے اور ملک اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری اور پیداواری صلاحیت میں مسلسل اضافے میں مصروف ہے، ایٹمی ہتھیار ملک کی خودمختاری اور دفاع کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا اپنی ایٹمی طاقت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا۔شمالی کوریا کے رہنما نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ جنوبی کوریا کو ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوز حاصل کرنے کی اجازت دے کر خطے میں ایٹمی کشیدگی بڑھا رہا ہے۔





