آج کی عدالتی کارروائی میں واضح ہوگیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف ایک افسانہ کھڑا کیا گیا، یہ پیسا ملک ریاض اور خاندان کے دستخطوں سے سپریم کورٹ اکاؤنٹ میں منتقل ہوا، عمران خان کا اس سے کوئی تعلق ہی نہیں، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی گفتگو
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ میں قوم کو خوشخبری دیتا ہوں کہ آپ کا لیڈر آج ایک مرتبہ پھر عدالت کے سامنے سرخرو ٹھہرا، آج کی عدالتی کارروائی میں واضح ہوگیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف ایک افسانہ کھڑا کیا گیا، یہ پیسا ملک ریاض اور خاندان کے دستخطوں سے سپریم کورٹ اکاؤنٹ میں منتقل ہوا، عمران خان کا اس سے کوئی تعلق ہی نہیں۔
پی ٹی آئی ایکس کے مطابق سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میں قوم کو آج یہ خوشخبری دوں گا کہ آپ کا لیڈر آج ایک مرتبہ پھر عدالت کے سامنے سرخرو ٹھہرا۔ آج جو کارروائی ہوئی، اس سے یہ بات بالکل واضح ہو گئی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف ایک پورا افسانہ کھڑا کیا گیا ہے، جس کی سرے سے کوئی بنیاد ہی نہیں ہے۔
سب سے پہلے یہ افسانہ کھڑا کیا گیا کہ برطانیہ میں ایک رقم موجود تھی جو کسی جرم کے نتیجے میں حاصل ہوئی تھی۔
برطانوی عدالتوں یا اداروں نے یہ تعین کیا تھا کہ چونکہ یہ رقم جرائم سے حاصل شدہ ہے، اس لیے اسے پاکستان کے قومی خزانے میں منتقل ہونا چاہیے۔ حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ یہ سراسر ایک جھوٹا مفروضہ ہے۔اس کے بعد یہ کہا گیا کہ یہ رقم پاکستان کے قومی خزانے میں آنی تھی، لیکن عمران خان کی اس وقت کی حکومت نے مبینہ طور پر اس میں رعایت دے کر یہ رقم قومی خزانے میں آنے کے بجائے اس اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جہاں ملک ریاض صاحب نے بحریہ ٹاؤن کے سلسلے میں رقم جمع کرانی تھی۔
یہ بھی ایک جھوٹا بیانیہ ہے جسے حکومتی ترجمان بار بار قوم کے سامنے پیش کرتے رہے ہیں۔ آج جب عدالت کے سامنے ابتدائی مرحلے میں ہی مقدمہ پڑھا گیا تو یہ پورا افسانہ پاش پاش ہو گیا۔یہ رقم برطانیہ میں ملک ریاض خاندان کی اپنی رقم تھی۔ کسی برطانوی عدالت نے یہ فیصلہ نہیں دیا تھا کہ یہ رقم حکومتِ پاکستان کی ملکیت ہے یا اسے پاکستان کے قومی خزانے میں جمع ہونا چاہیے۔برطانیہ میں صرف اتنا ہوا کہ ملک ریاض اور برطانوی ادارے نیشنل کرائم ایجنسی کے درمیان ایک معاہدہ ہوا۔ یہ ایک سول معاہدہ تھا، فوجداری نوعیت کا کوئی مقدمہ نہیں تھا۔
انہیں بتایا گیا کہ چونکہ ان کا ویزا منسوخ کیا جا رہا ہے، اس لیے وہ برطانیہ چھوڑ دیں اور اپنی تمام جائیدادیں اور رقوم بھی وہاں سے منتقل کر دیں۔اس پر ملک ریاض اور ان کے خاندان نے کہا کہ بینکوں میں موجود یہ رقم ہماری اپنی ہے، حکومتِ پاکستان کی نہیں۔لہٰذا ہمیں اجازت دی جائے کہ یہ رقم سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیں۔
اس طرح ملک ریاض خاندان نے اپنے دستخطوں سے چیک لکھے، پے آرڈرز بنوائے اور اپنی رقم خود سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں منتقل کی۔اس پورے عمل میں نہ کابینہ کا کوئی کردار تھا اور نہ ہی عمران خان صاحب کا۔ یہ رقم سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں آئی اور وہیں موجود رہی۔
اس رقم میں اضافہ بھی ہوا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے یہ رقم حکومتِ پاکستان کے سپرد کر دی اور یوں یہ قومی خزانے میں منتقل ہوگئی۔ لہٰذا حکومتِ پاکستان کو ایک پیسے کا بھی نقصان نہیں ہوا بلکہ اسے فائدہ پہنچا۔





