لاشیں کافی عرصہ پرانی ہیں، مقدمہ درج، قانونی کارروائی شروع کردی گئی، عبدالرحمان کھیتران دو روز قبل بیرون ملک جارہے تھے کہ ان کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر روک لیا گیا تھا
صوبہ بلوچستان کے علاقے بارکھان میں پولیس نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر قبر کشائی کے دوران 3 افراد کی لاشیں برآمد کرلیں اور رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ایک لاش ان کی رہائشگاہ سے متصل جب کہ دو لاشیں ان کے فارم ہاؤس میں 2 قبروں کی کھدائی کے دوران ملی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں پولیس کے مطابق بارکھان تھانے میں پیارا خان نامی شخص کی مدعیت میں رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس نے قتل کے شبے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا، جس کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے قبر کشائی کے دوران 3 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی لاشوں میں سے ایک لاش سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کی رہائشگاہ سے متصل جب کہ باقی دو لاشیں ان کے فارم ہاؤس میں دو قبروں کی کھدائی کے دوران برآمد ہوئیں، لاشوں کی باقیات پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئی ہیں، تینوں لاشوں کے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرائے جائیں گے تاکہ مزید شواہد اور حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
معلوم ہوا ہے کہ لاشیں برآمد ہونے کے واقعے سے دو روز قبل سردار عبدالرحمان کھیتران کو بیرونِ ملک سفر کی کوشش کے دوران لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روک لیا گیا تھا، سابق صوبائی وزیر لاہور سے شارجہ روانہ ہونے والے تھے، تاہم پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل ہونے کے باعث امیگریشن حکام نے انہیں ایئرپورٹ پر سفر سے روک دیا۔
بتایا جارہا ہے کہ سابق صوبائی وزیر کے ایئرپورٹ پر روکے جانے کے دو دن بعد ان کی رہائش گاہ سے تین پرانی نعشوں کی برآمدگی اور ورثاء کے بیان پر مقدمہ درج ہونے سے اس معاملے کی سنگینی میں مزید اضافہ ہوا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کی جانب سے درج مقدمے کے تحت قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، جب کہ برآمد ہونے والی لاشوں کے حوالے سے مزید حقائق اور شواہد سامنے لانے کا عمل جاری ہے۔




