دینی مدارس کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، مدارس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے، ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ
دینی مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور اجتماعی تشخص کے تحفظ کے حوالے سے ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ اور جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رہنما قاری مہر اللہ نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ دینی مدارس پوری امت مسلمہ کا مشترکہ علمی، دینی اور روحانی اثاثہ ہیں، انہیں کسی فرد، خاندان، تنظیم یا سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں سمجھا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کے قیام کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیم، دین اسلام کی ترویج اور اسلامی اقدار کا تحفظ ہے، جبکہ نئی نسل کی دینی، اخلاقی اور روحانی تربیت میں بھی مدارس بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) ہو یا کوئی دوسری سیاسی جماعت، کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دینی مدارس کو اپنے سیاسی، انتخابی یا تنظیمی مفادات کے لیے استعمال کرے۔
ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو سیاسی مقاصد، جماعتی مفادات اور ذاتی ایجنڈوں کے لیے استعمال کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مدارس کا اصل مقصد علم کی روشنی پھیلانا، تعلیم و تربیت اور معاشرے کی اصلاح کرنا ہے، نہ کہ سیاسی طاقت کا مظاہرہ یا محاذ آرائی کا مرکز بننا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جدوجہد کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ دینی مدارس کی آزادی، خودمختاری اور غیر سیاسی تشخص کے تحفظ کے لیے ہے۔
انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے مدارس کی نمائندگی اور ان کے معاملات پر اجارہ داری کے تصور کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے معاملات میں تمام دینی وفاقوں، علماء کرام اور متعلقہ حلقوں کو اعتماد میں لے کر اجتماعی مشاورت کے ذریعے فیصلے کیے جانے چاہئیں۔
ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مختلف علماء کرام اور مدارس کے مہتمم حضرات ان کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے رابطے کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان کے اکثریتی علماء اور مدارس کے ذمہ داران بھی مدارس کی خودمختاری اور سیاسی اجارہ داری کے خاتمے کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے غریب طلبہ کے نام پر سیاست کرنے کے بجائے ان کی تعلیمی اور معاشی ضروریات پر توجہ دی جانی چاہیے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) سے اپیل ہے کہ مدارس کے طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے دیا جائے اور انہیں سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بنانے کے بجائے ان کے مستقبل کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔
حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظ علاؤالدین سارنگ نے کہا کہ دینی مدارس کو قومی تعلیمی نظام کا اہم حصہ تسلیم کرتے ہوئے ان کی سرپرستی اور معاونت کی جائے۔ مدارس میں کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ طلبہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوں اور مالی مسائل کے حل میں معاونت کرے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بہتر انداز میں جاری رہ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کی آزادی، تقدس، علمی وقار اور اجتماعی تشخص کا تحفظ تمام علماء اور دینی حلقوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دینی مدارس کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی امانت ہیں، ان کے معاملات میں سیاسی مداخلت کے بجائے حکومتی سرپرستی، تعلیمی معاونت اور اجتماعی مشاورت کو فروغ دیا جانا چاہیے۔





