Roze News

ایران جنگ جھوٹ پر مبنی ہے، ویتنام اور عراق کی جنگیں بھی دھوکے سے شروع کی گئیں. برنی سینڈرز

ایران جنگ جھوٹ پر مبنی ہے، ویتنام اور عراق کی جنگیں بھی دھوکے سے شروع کی گئیں. برنی سینڈرز

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

یہ کہنا ایران امریکا پر حملے کی تیاری کررہا تھا جھوٹ پر مبنی ہے‘پینٹاگون کھربوں ڈالرز کے اخراجات کا حساب نہیں دے سکتا. امریکی سینیٹر کا انٹرویو

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ جھوٹ پر مبنی ہے ایک پوڈ کاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی سینیٹر نے کہا کہ ویتنام، عراق اور ایران کی جنگیں جھوٹ پر مبنی تھیں برطانوی میزبان اسٹیون بارٹلیٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کی جنگ اس الزام پر شروع کی گئی کہ ایرانی حکومت امریکا پر حملے کی تیاری کر رہی تھی۔

امریکی سینیٹر نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو گزشتہ 40 برس سے امریکی صدور کو ایران کے خلاف جنگ پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ایران کو غیر مستحکم اور کمزور کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کی بنیادی وجہ اسرائیل کا دباؤ ہے، امریکا 6 ممالک کے مجموعی دفاعی اخراجات سے بھی زیادہ رقم اپنی فوج پر خرچ کرتا ہے، اس کے باوجود پینٹاگون کھربوں ڈالرز کے اخراجات کا حساب نہیں دے سکتا۔

برنی سینڈرز نے ایران جنگ ختم کرنے، فوجی اخراجات کم کرنے اور اسرائیل کی انتہا پسند حکومت کی مالی معاونت بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری امریکی اور اسرائیلی جنگ جھوٹ اور غلط معلومات پر مبنی ہے ویتنام اور عراق کی جنگیں بھی امریکی عوام کو دھوکے میں رکھ کر شروع کی گئی تھیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران کی جانب سے امریکہ پر حملے کی تیاری کا دعویٰ بھی بے بنیاد تھا۔

امریکی ریاست ورمونٹ سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر برنی سینڈرز نے امریکی خارجہ پالیسی اور مشرق وسطیٰ میں جاری جنگوں پر سخت تنقید کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ان کی نسل نے ویتنام کی جنگ دیکھی، جس میں تقریباً 59 ہزار امریکی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ایشیا میں لاکھوں افراد جان سے گئے انہوں نے کہا کہ ویتنام کی جنگ جھوٹ پر مبنی تھی، عراق کی جنگ بھی جھوٹ کے ذریعے شروع کی گئی اور اب ایران کی جنگ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے گفتگو کے دوران میزبان نے سینڈرز سے سوال کیا کہ ایران کی جنگ کو جھوٹ پر مبنی قرار دینے کی کیا وجہ ہے؟۔

اس پر برنی سینڈرز نے کہا کہ امریکی عوام کو بتایا گیا کہ ایرانی حکومت امریکہ پر حملے کے لیے تیار تھی، حالانکہ ان کے مطابق یہ دعویٰ درست نہیں تھا انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو گزشتہ تقریباً 40 برس سے امریکی صدور کو ایران کے خلاف جنگ میں شامل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں. سینڈرز کے مطابق نیتن یاہو ایران کو مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کا سب سے بڑا حریف سمجھتے ہیں اور اسے کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں انہوں نے الزام لگایا کہ اسرائیل نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف جنگ میں شامل ہونے پر آمادہ کیا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ ان کا ذاتی سیاسی تجزیہ ہے اور دوسرے افراد اس سے اختلاف بھی کرسکتے ہیں برنی سینڈرز نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایران کے خلاف جنگ امریکہ کے لیے ایک اور طویل اور نہ ختم ہونے والا فوجی تنازع بن سکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ جنگ شروع کرنا آسان ہوتا ہے لیکن جب بم گرنا شروع ہوجاتے ہیں تو حالات پیچیدہ ہوجاتے ہیں اور جنگ سے نکلنا مشکل ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی عوام مختلف وجوہات کی بنا پر اس جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور وہ خود بھی چاہتے ہیں کہ امریکہ اس تنازع سے باہر نکلے سینیٹر برنی سینڈرز نے 19 نومبر 2026 کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھی اپنے بیان میں کہا کہ ویتنام، عراق اور ایران کی جنگیں جھوٹ پر مبنی تھیں انہوں نے امریکی فوجی اخراجات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اگلے چھ بڑے ممالک کے مجموعی فوجی اخراجات سے بھی زیادہ رقم اپنی فوج پر خرچ کرتا ہے، اس کے باوجود پینٹاگون کھربوں ڈالر کے اخراجات کا حساب دینے سے قاصر ہے۔

انہوں نے ایران جنگ ختم کرنے، فوجی اخراجات میں کمی اور اسرائیل کی انتہا پسند حکومت کی مالی معاونت بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب 19 نومبر کو امریکی سینیٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے سے روکنے یا کانگریس سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کی پابندی سے متعلق قرارداد 51 کے مقابلے میں 48 ووٹوں سے مسترد ہوگئی۔

قرارداد کی حمایت میں زیادہ تر ڈیموکریٹ ارکان کے ساتھ تین ری پبلکن سینیٹرز سوزن کولنز، لیزا مرکووسکی اور رینڈ پال نے بھی ووٹ دیا برنی سینڈرز کی تنقید سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی سیاسی حلقوں میں ایران جنگ کے جواز، اس کے اخراجات اور مستقبل میں اس کے ممکنہ نتائج پر اختلافات بڑھ رہے ہیں۔