Roze News

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل، مریم نواز کو ’حور‘ قرار دے دیا

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل، مریم نواز کو ’حور‘ قرار دے دیا

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

چاہتا ہوں جنت میں جتنی حوریں ملیں ان کی سربراہ مریم نواز ہوں؛ وزیراعلیٰ پنجاب کے شوہر کی پوڈکاسٹ میں گفتگو

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کا ایک پوڈکاسٹ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا ہے۔

پبلک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بیویاں بڑی اچھی اور تہجد گزار ہوتی ہیں، اور اگر ان کے خاوندوں سے پوچھا جائے تو وہ یہی کہتے ہیں کہ ان کی بیوی ہر لحاظ سے بہترین ہے، بات صرف نظر اور زاویہ نگاہ کی ہوتی ہے، جو جس نظر سے دیکھے گا اسے وہی دکھائی دے گا۔

پوڈکاسٹ کے میزبان نے جب ان سے مریم نواز کی خصوصیات کے بارے میں پوچھا تو کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے برجستہ جواب دیا کہ جو کوالٹیز سلیبس میں بتائی گئی ہیں، اگر وہ کسی کے ہمسفر میں ہوں تو یہ بڑی اچھی بات ہے اور وہ حور ہے۔

جب میزبان نے سوال کیا کہ ’پھر تو سب کی بیگمات حوریں ہوئیں؟‘ اس پر کیپٹن ریتائرڈ صفدر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’گھر میں تو سبھی اپنی بیگمات کو حور کہتے ہیں، پوچھتے ہیں کہ حور جی آپ کہاں ہیں، مگر باہر کیمرے کے آگے کوئی یہ نہیں کہتا، لیکن میں نے یہ بات کھل کر کیمرے کے سامنے کہہ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جس خاوند کو اپنے گھر میں سکون میسر ہو اور اس کی بیوی اس کے لیے سکون کا باعث ہو، شریعت کی پابندی کے ساتھ جنت میں بھی یہی رشتہ ہوتا ہے‘، جب ان سے پوچھا گیا کہ ’کیا وہ چاہیں گے کہ جنت میں بھی انہیں مریم نواز ہی حور کے طور پر ملیں؟‘ تو کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ’حوریں تو بہت ساری ملیں گی مگر سربراہ یہی ہوں گی۔