ملزم نے گن پوائنٹ پر گاڑی کو روکا، پیچھے بیٹھی ایک لڑکی کو باہر نکالا اور کار میں بیٹھ کر دلہن کو گولی ماردی
پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں خوشیوں بھرا گھر ماتم میں تبدیل ہو گیا جہاں ولیمے کی تقریب کے لیے روانہ ہونے والے دلہا دلہن کی گاڑی پر مسلح شخص نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نو بياہتا دلہن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک اور دلخراش واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے سمن آباد چونگی کے قریب گزشتہ رات اس وقت پیش آیا جب دلہا اور دلہن اپنے ولیمے کی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے، پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والی دلہن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، مقتولہ کی شادی محض ایک روز قبل ہی بڑی دھوم دھام سے انجام پائی تھی۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ اس خوفناک واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس نے ملزمان کے سفاکانہ طریقے کو بے نقاب کر دیا ہے، ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا اور دلہن ایک سفید رنگ کی کار میں سوار تھے، اسی اثناء میں ملزم نے گن پوائنٹ پر گاڑی کو زبردستی روکا، گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی ایک اور لڑکی کو باہر نکالا اور پھر کار کے اندر داخل ہو کر دلہن پر سیدھی گولی چلادی۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں 3 نامزد ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں مقتولہ کی ایک دوست کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مرکزی ملزم لڑکی سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اہلخانہ نے رشتہ دینے سے صاف انکار کر دیا تھا، ملزم اصل میں مقتولہ کی اسی دوست کا قریب ترین رشتہ دار ہے جسے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ فائرنگ کے فوراً بعد تمام ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور سائنسی شواہد کی مدد سے کیس کی تمام زاویوں سے تفتیش جاری ہے اور جلد ہی ملوث ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔





