پورٹ قاسم پر ایل پی جی کی نئی کھیپ پہنچنے کے بعد سپلائی بہتر ہونے کی امید، ایران سے سرحدی راستے کے ذریعے رکی ہوئی ترسیل بھی بحال ہونے کی توقع
پاکستان میں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان صارفین کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، عمان سے ایل پی جی لے کر آنے والے 2 بحری جہاز کراچی کے پورٹ قاسم پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد ملک میں گیس کی دستیابی بہتر ہونے اور قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کیمطابق دونوں بحری جہاز ایل پی جی کی ہزاروں میٹرک ٹن کھیپ لے کر پاکستان پہنچے ہیں، پریانیس نامی جہاز نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ٹرمینل پر 4 ہزار 250 میٹرک ٹن ایل پی جی آف لوڈ کی، جبکہ الیسا ون نامی جہاز نے اینگرو ٹرمینل پر 3 ہزار 83 میٹرک ٹن گیس اتاری۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی درآمدی کھیپ کی آمد سے مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں پیر سے قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے، تاہم قیمتوں میں ممکنہ کمی کی مقدار کے بارے میں ابھی کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔





