Roze News

پاک ایران سرحد سے سپلائی بحال، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں نمایاں کمی کا امکان

پاک ایران سرحد سے سپلائی بحال، ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں نمایاں کمی کا امکان

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

گبد ریمدان بارڈر سے ایل پی جی کے 200 سے زائد باؤزرز آج کلیئر ہونے کی امید، ان باؤزرز کے کلیئر ہونے سے تقریباً 3 سے 4 ہزار ٹن ایل پی جی مارکیٹ میں آنے کی توقع ظاہر کردی گئی

ملک بھر میں شدید نوعیت کے ایل پی جی بحران کے کم ہونے اور گیس کی دستیابی میں بہتری کا قوی امکان پیدا ہو گیا، پاک ایران سرحدی گزرگاہ سے گیس باؤزرز کی فراہمی بحال ہونے اور پورٹ قاسم پر درآمدی جہازوں کی آمد کے بعد مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں فی کلو 50 سے 70 روپے تک نمایاں کمی متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس بحران کے خاتمے کی جانب ایک انتہائی اہم اور مثالی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پاک ایران گبد ریمدان بارڈر کو باقاعدہ کھول دیا گیا ہے اور وہاں پھنسے ہوئے ایل پی جی باؤزرز کی کلیئرنس کا عمل تیزی سے جاری ہے، گبد ریمدان سرحد سے ایل پی جی کے 200 سے زائد باؤزرز آج کلیئر کر لیے جائیں گے، جس کے نتیجے میں تقریباً 3 ہزار سے 4 ہزار میٹرک ٹن اضافی ایل پی جی مقامی مارکیٹ میں پہنچنے کا امکان ہے۔

بارڈر حکام اور ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران سے زمینی راستے سے باؤزرز کی آمد بحال ہونے سے ملک کے دور دراز علاقوں اور پنجاب و بلوچستان کی مارکیٹوں میں گیس کی شارٹیج کا خاتمہ ہوگا، سمندری راستے سے بھی ایل پی جی کی بڑی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے، ایل پی جی مکس کا بردار جہاز پی جی سی یانیوس ایس ایس جی سی ٹرمینل پر لنگر انداز ہو چکا ہے، جہاں 4 ہزار 520 میٹرک ٹن ایل پی جی کی ہینڈلنگ جاری ہے۔

اس کے علاوہ ایل پی جی سے لدا ایک اور بحری جہاز جو 3 ہزار 83 میٹرک ٹن گیس پر مشتمل کارگو لایا تھا، اپنی گیس کامیابی سے منتقل کرنے کے بعد پورٹ قاسم سے روانہ ہو چکا ہے، گزشتہ روز مجموعی طور پر گیس کے 2 جہاز پورٹ پر پہنچے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع اور ماہرین کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم پر بحری جہازوں کی برتھنگ اور پاک ایران بارڈر سے باؤزرز کی سپلائی بیک وقت بحال ہونے سے سپلائی چین کا بحران ختم ہو جائے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی رسد بڑھنے سے نہ صرف طلب اور رسد کے درمیان پیدا ہونے والا خلا پُر ہوگا بلکہ عوام کو درپیش گیس کی قلت دور ہوگی، جس کے نتیجے میں ایل پی جی کی قیمتوں میں فی کلو 50 سے 70 روپے تک فوری بڑا ریلیف ملنے کا قوی امکان ہے۔