وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں کی گئی تبدیلی کے مثبت ثمرات اب عملی طور پر سامنے آنے لگے ہیں جس کے نتیجے میں عام صارفین کو فی لیٹر قیمت میں مزید ریلیف مل گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دو ہفتے قبل نافذ کیے جانے والے نئے فارمولے کے تحت شہریوں کے کندھوں سے پیٹرولیم لیوی کا بوجھ کم کر کے اسے ریفائنریز کی طرف منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس تبدیلی کے بعد عام آدمی کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر لیوی 65 روپے 29 پیسے سے گھٹ کر 63 روپے 64 پیسے رہ گئی ہے، جس سے صارفین کو فی لیٹر ایک روپے 65 پیسے کی اضافی بچت حاصل ہوئی ہے۔
دوسری طرف پیٹرول پر عائد مجموعی طور پر 80 روپے فی لیٹر لیوی میں اب ریفائنریز کا حصہ بڑھا دیا گیا ہے اور وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی خاطر فی لیٹر 16 روپے 36 پیسے کا یہ مالی بوجھ خود برداشت کر رہی ہیں۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس نئے معاشی بندوبست کا مقصد مہنگائی کے مارے عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔





