Roze News

عمران خان کی جانب سے نئے صوبے بنانے کی حمایت کی اطلاعات

عمران خان کی جانب سے نئے صوبے بنانے کی حمایت کی اطلاعات

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

لطیف کھوسہ اور سلمان صفدرسے ملاقات میں عمران خان نے ملک میں نئے صوبے بنائے جانے کی واضح حمایت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ نئے صوبے بننے چاہئیں، یہ اقدام ملک کے مفاد میں ہے،زرائع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے سینئر وکلا سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی جیل میں ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی اور تفصیلات سامنے آ گئیں۔

ذرائع کے مطابق جیل میں ہونے والی اس تفصیلی ملاقات کے دوران ملک میں جاری نئے صوبوں کی بحث پر بھی گفتگو ہوئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نئے صوبے بنائے جانے کی واضح حمایت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بننے چاہئیں اور یہ اقدام وسیع تر قومی اور ملکی مفاد میں ہے۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی اور اپنی بہنوں سمیت جیلوں میں قید تمام خواتین اسیران کی رہائی کے لیے فوری طور پر تمام ضروری اقدامات شروع کرنے کی واضح ہدایت جاری کی ہے، اس ضمن مین عمران خان نے پارٹی قیادت کو پیغام دیا ہے کہ تمام خواتین اسیران کی رہائی تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے اور اس معاملے میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔

ذرائع کے مطابق اس اہم مقصد کے حصول کے لیے عمران خان نے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کو باضابطہ طور پر مینڈیٹ تفویض کر دیا ہے، اس مینڈیٹ کے تحت پارلیمانی پارٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ خواتین اسیران کی رہائی اور دیگر تمام اہم قومی و سیاسی معاملات پر حکومت یا متعلقہ فریقین کے ساتھ بامقصد مذاکرات کرے تاکہ درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

دوسری جانب پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے ہی دو بڑے مرکزی عہدیداروں نے اس بات کی بھرپور کوشش کی تھی کہ سینئر قانون دان سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات نہ ہوسکے، تاہم مبینہ طور پر پارٹی کے اندر سے ڈالی جانے والی ان تمام تر رکاوٹوں کے باوجود یہ ملاقات طے پا گئی اور اس میں مستقبل کی سیاسی حکمتِ عملی پر اہم فیصلے کرلیے گئے۔