Roze News

پاکستان میں کرپشن موجود ہے، جو کوئی کہتا ہے کہ ایسا نہیں ہے وہ غلط کہتا ہے، محسن نقوی

پاکستان میں کرپشن موجود ہے، جو کوئی کہتا ہے کہ ایسا نہیں ہے وہ غلط کہتا ہے، محسن نقوی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

بلاول بھٹو نے سیاست کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے، میں کہتا ہوں نظام کو ری سیٹ ہونا چاہئے، میں اتنی سختی کرتا ہوں پھر بھی میری منسٹری میں کرپشن ہورہی ہے، سی ڈی اے میں کرپشن ہے؛ وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں کرپشن موجود ہے اور خود ان کی اپنی وزارت سمیت سی ڈی اے میں بھی بدعنوانی ہو رہی ہے، اب سارے کا سارا نظام ٹھیک ہونے والا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی یعنی این سی سی آئی اے کے دفتر کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے سسٹم ری سیٹ، نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی ریفرنڈم، پاکستان تحریک انصاف سے متعلق قیاس آرائیوں اور اسلام آباد میں زمینوں پر قبضوں کے خلاف جاری نوٹسز پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نےکہا کہ ملک میں کرپشن موجود ہے اور جو کوئی یہ کہتا ہے کہ ایسا نہیں ہے وہ غلط کہتا ہے، انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ذاتی طور پر بہت سختی کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی وزارت اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی یعنی سی ڈی اے میں کرپشن ہو رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے سیاست کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے، میں کہتا ہوں کہ پورے نظام کو ری سیٹ ہونا چاہیے اور سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر بلاول اور میں ایک پیج پر ہیں، سارے کا سارا سسٹم ٹھیک ہونے والا ہے۔

ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے جاری بحث پر انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو یہ جمہوری حق حاصل ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنی رائے رکھے، صوبوں کے قیام کے حوالے سے جو سروے سامنے آ رہے ہیں وہ نئے صوبوں کے حق میں ہیں، تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں یا نہیں اس معاملے پر عوامی ریفرنڈم کروا لیا جائے، اگر عوام نئے صوبوں کی حمایت کرتے ہیں تو وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اگر عوام حمایت نہیں کرتے تو تب بھی وہ عوامی فیصلے کے ساتھ ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے حوالے سے ہونے والی حالیہ پیشرفت اور قیاس آرائیوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ بھی پچھلے ایک دو دن سے سن رہے ہیں کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے، تاہم ایسی خبریں محض دو تین دن کے لیے تو اچھی ہوتی ہیں لیکن حقیقت میں ساری چیزیں اسی طرح ہیں اور حالات میں کوئی فرق نہیں آیا، تحریک انصاف یا ان کی قیادت کا جو قانونی حق بنتا ہے اور جو ریلیف انہیں عدالتوں سے ملے گا وہ انہیں ضرور دیا جائے گا، باقی تمام معاملات جوں کے توں برقرار ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کو جاری ہونے والے نوٹس سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے وضاحت کی کہ صرف مولانا فضل الرحمان کو نوٹس جاری نہیں کیا گیا بلکہ اسلام آباد میں 4 سے 6 ہزار کے قریب افراد کو نوٹسز دیے گئے ہیں، حکومت کسی ایک شخص کو مخصوص طور پر ٹارگٹ نہیں کررہی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی قیمتی سرکاری زمین پر ماضی میں بے دردی سے قبضہ کیا گیا ہے، جسے واگزار کرانے کے لیے بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور جلد پورا نظام درست سمت میں گامزن ہو جائے گا۔