مجھے یاد نہیں تھا کہ میری برتھ ڈے ہے لیکن آپ نے جس پیار، محبت اور اپنائیت سے میری سالگرہ منائی جیسے اپنی ماں کی سالگرہ مناتے ہیں، اس طرح میری برتھ ڈے سیلیبریٹ کی ہے؛ تقریب میں طلبہ سے خطاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب بھر سے سفارش اور پرچی کا پرانا زمانہ اب ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکا ہے اور اب نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر ان کے تمام حقوق دیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب منڈی بہاؤالدین کے دورے کے دوران یونیورسٹی آف رسول میں طلبہ و طالبات سے خطاب کررہی تھیں، منڈی بہاؤالدین آمد پر طلبہ اور عوام کی جانب سے شاندار استقبال پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے بالکل یاد نہیں تھا کہ آج میری سالگرہ ہے، تاہم عوام اور طلبہ نے جس پیار، محبت اور اپنائیت سے میری سالگرہ منائی ہے۔
مریم نواز نے جذباتی انداز میں کہا کہ آپ لوگوں نے جس محبت کا اظہار کیا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اپنی ماں کی سالگرہ منائی جا رہی ہو، آج آپ لوگوں نے مجھے جو بے پناہ پیار دیا ہے، اس کا قرض میں زندگی بھر نہیں چکا سکتی، اگر ایک لاکھ کی بجائے ایک کروڑ اسکالرشپس، ایک کروڑ لیپ ٹاپ اور ایک کروڑ بائیکس بھی آپ کو دے دی جائیں، تب بھی میں آپ کی اس محبت کا ایک فیصد بھی ادا نہیں کر سکتی۔
طلبہ میں لیپ ٹاپ، اسکالرشپس اور بائیکس کی تقسیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کو کچھ نہیں دیا، یہ دراصل آپ لوگوں ہی کا پیسہ اور آپ ہی کا حق ہے جو آپ کے پاس واپس آیا ہے، عوام کا پیسہ اب عوام کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کیا جا رہا ہے، آئندہ ماہ نومبر سے طلبہ اور طالبات کو پنک اور بلیک بائیکس فراہم کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں بالخصوص طالبات کو تعلیمی اداروں تک آنے جانے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔





