پی ٹی آئی اور عمران خان ہمیشہ سے نئے صوبوں کے قیام کے حامی رہے ہیں، صوبوں کے معاملے پر تحریکِ انصاف اگر اچھی سیاست کرے تو عمران خان باہر آ سکتے ہیں؛ سابق وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 15 دسمبر سے پہلے 28ویں ترمیم آ جائے گی، ملک میں 15 سے 17 نئے صوبے بن جائیں گے، صوبوں کے معاملے پر تحریکِ انصاف اگر اچھی سیاست کرے تو عمران خان باہر آ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پارٹی کے بانی عمران خان ہمیشہ سے نئے صوبوں کے قیام کے حامی رہے ہیں، اس وقت پاکستان میں عمران خان واحد سیاستدان ہیں جو اس پائے کے حامل ہیں اور تحریک انصاف وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک میں نئے صوبوں کی باقاعدہ حامی ہے، اگر حکومت یا اسٹیبلشمنٹ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کوئی سنجیدہ بات چیت یا قدم اٹھانا چاہتی ہے تو انہیں براہِ راست پی ٹی آئی سے رابطہ کرنا چاہیئے اور نئے صوبوں کی تشکیل کیلئے حمایت حاصل کرنی چاہیئے۔
فواد چوہدری نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ میرا ذاتی اندازہ ہے کہ رواں سال 15 دسمبر سے پہلے ہی ملک میں 28ویں آئینی ترمیم متعارف کرا دی جائے گی اور پارلیمنٹ میں آ جائے گی، اس متوقع آئینی ترمیم کے نتیجے میں ملک کے اندر 15 سے 17 نئے صوبے بنا دیئے جائیں گے، صوبوں کے اس اہم انتظامی معاملے پر اگر تحریک انصاف ہوشیاری اور حکمت کے ساتھ اچھی اور مؤثر پولیٹکس کرے تو اس کے نتیجے میں عمران خان کی رہائی بھی ممکن ہوسکتی ہے۔
موجودہ سیاسی ڈیڈ لاک اور مذاکرات کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ نالائق ثابت ہو رہی ہے، تو دوسری طرف حکومت بھی ایک آمرانہ روش اختیار کیے ہوئے ہے، حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی مخالفین کو اس نظام میں جینے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے اور اسی لیے حکومت فی الحال عوام یا قیدیوں کو کسی بھی قسم کا ریلیف دینے کو بالکل تیار نہیں ہے۔





