کار ریلی میں پیرا فورس کی سرکاری گاڑی کی شرکت پر وزیراعلیٰ کا سخت ردعمل، ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین کا فوری تبادلہ، مبینہ طور پر پروٹوکول حاصل کرنے والے شخص کیخلاف کسی کارروائی کا اعلان سامنے نہیں آیا
پنجاب کے ضلع جھنگ میں کار ریلی کے دوران سرکاری گاڑیوں کے مبینہ طور پر غیرمتعلقہ استعمال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا، سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کو مبینہ طور پر سرکاری پروٹوکول فراہم کیے جانے کے دعوے کے ساتھ شیئر کی گئی، تاہم وزیراعلیٰ کے بیان اور جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن میں ثاقب چدھڑ کا نام نہیں لیا گیا۔
سوشل میڈیا صارف مجید علی بھٹی نے ایکس پر گاڑیوں کی ریلی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ثاقب چدھڑ کو سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے، ویڈیو میں متعدد گاڑیاں ایک کچے اور گرد آلود راستے پر ایک ساتھ چلتی دکھائی دیتی ہیں، جن میں بعض گاڑیوں پر نیلی روشنیاں بھی نظر آتی ہیں، تاہم صرف ویڈیو کی بنیاد پر یہ تعین نہیں کیا جاسکتا کہ قافلے میں موجود تمام گاڑیاں کس ادارے کی تھیں یا ان کی تعیناتی کس کے حکم پر کی گئی تھی۔
صارف کی ویڈیو کو ٹیگ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایکس پر اپنے ردعمل میں واضح کیا کہ ویڈیو میں ایک کار ریلی دکھائی گئی ہے جس میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی یعنی پیرا کی گاڑی دیگر شریک گاڑیوں کے ساتھ موجود ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی ریگولیٹری ادارے کے وسائل کو اس کے سرکاری دائرہ اختیار سے ہٹ کر غیر سنجیدہ مقاصد کیلئے استعمال کرنا انتظامی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی اور حکومتی پالیسی کے منافی ہے، اس معاملے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔





