ایرانی سرکاری خبررساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق سول ایوی ایشن کے سربراہ ابوذر شیرازی نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی فضائی صنعت کے جائز حقوق کے دفاع اور امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کے خلاف انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) میں باضابطہ احتجاج جمع کرایا ہے۔
ابوذر شیرازی کے مطابق یہ اقدام ایران کی فضائی صنعت پر عائد پابندیوں کا مقابلہ کرنے اور اس شعبے کے حقوق کے دفاع کے لیے کیا گیا ہے۔
ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کے تعاون سے ایران نے عالمی عدالت انصاف میں بھی شکایت دائر کردی ہے۔
آئی سی اے او اقوام متحدہ کا ایک ادارہ ہے جو کینیڈا کے شہر مونٹریال میں قائم ہے اور سول ایوی ایشن کے معیارات طے کرنے اور ان کی نگرانی سے متعلق ذمہ داریاں انجام دیتا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کے باعث ایران کی فضائی صنعت کو مشکلات کا سامنا ہے اور بعض پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی سیکریٹری خزانہ نے 8 ستمبر کو ایران کی ایوی ایشن انڈسٹری سے منسلک 36 اداروں اور کمپنیوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق 23 ستمبر کے بعد ایرانی ایئرلائنز کے لیے بین الاقوامی سطح پر آپریشن جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔
امریکا نے پابندیوں کے ساتھ خبردار کیا تھا کہ پابندیوں کی زد میں آنے والی ایرانی ایئرلائنز کو خدمات فراہم کرنے والے غیر ملکی ایئرپورٹس اور دیگر اداروں کو بھی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسے اداروں کو امریکی ڈالر کے بینکنگ نظام سے خارج کیے جانے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
بعد ازاں، ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ایران کو پروازیں چلانے اور ایئرپورٹس کی سروسز حاصل کرنے پر پابندیاں برقرار رہیں تو خطے کے کسی ملک کو بھی یہ سہولت حاصل نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہ ایرانی عوام امریکا کی دشمنی پر مبنی پالیسیوں پر عمل درآمد میں اس کا ساتھ دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ایران کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ ’خطے میں پروازیں یا تو سب کے لیے کھلی ہوں گی یا پھر کسی کے لیے نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایرانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندی اور انہیں ایئرپورٹس سروسز حاصل کرنے کی سہولت سے محروم کیا گیا تو خطے کے دیگر ممالک بھی ان سہولیات سے محروم رہیں گے۔
ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ ابوذر شیرازی کے مطابق ایران نے ان امریکی پابندیوں کے خلاف انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن اور عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرکے اپنی فضائی صنعت کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔

Leave feedback about this