Roze News

امریکا میں شدید طوفان، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم، ہزاروں پروازیں متاثر

شدید طوفان

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

ہیوسٹن: امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں شدید طوفان نے تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران نظام زندگی درہم برہم کردیا، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث تقریباً 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے، جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 112 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جس کے باعث متعدد درخت اور بجلی کی تاریں گر گئیں، شدید بارش سے ساحلی علاقے بھی زیر آب آگئے، جبکہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں نے مزید درخت گرنے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے خدشات ظاہر کیے۔

امریکی بجلی کی بندش سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ پاور آؤٹیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق 9 بج کر 56 منٹ تک 9 لاکھ 8 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے، جبکہ شام 7 بج کر 30 منٹ پر یہ تعداد 9 لاکھ 61 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی۔بجلی کی بندش سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں پنسلوانیا شامل ہے، جہاں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوئے۔نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار، مسوری میں ایک لاکھ اور نیویارک ریاست میں 68 ہزار سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

طوفان کے باعث فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوا، پروازوں کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے فلائٹ اویئر کے مطابق امریکا سے متعلق 454 پروازیں منسوخ جبکہ 2 ہزار 411 تاخیر کا شکار ہوئیں، واشنگٹن اور نیویارک کے بڑے ہوائی اڈے ان حالات سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ورجینیا، میری لینڈ، ڈیلاویئر، نیو جرسی، نیویارک اور نیو انگلینڈ کے ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 50 سے 70 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی یا اس کی پیش گوئی کی گئی تھی۔