کراچی: ملک میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ نے بھی کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 20 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے براہِ راست پاکستانی عوام کو فائدہ پہنچتا ہے۔ امید ہے وزیراعظم پاکستان پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔ملک شہزاد اعوان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ دسمبر اور اگست کی ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتالوں کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔ پاکستان کی معیشت، صنعت و تجارت میں گڈز ٹرانسپورٹ کا کردار انتہائی اہم ہے۔





