ایرانی ریال کی قدر میں امریکی ڈالر، سعودی ریال، متحدہ عرب امارات کے درہم اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کی قیمت میں گزشتہ چند ماہ کے دوران نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ سینٹرل بینک آف ایران (سی بی آئی) نے 19 نومبر 2026 کے لیے سرکاری یومیہ شرحِ تبادلہ جاری کردی ہے، جس کے مطابق مختلف عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈالر کی شرحِ تبادلہ 19 نومبر کو 19 لاکھ 36 ہزار 329 ایرانی ریال مقرر کی گئی جبکہ 18 نومبر کو یہ شرح 19 لاکھ 32 ہزار 464 ریال تھی۔ اسی طرح سعودی ریال کی قدر بھی گزشتہ روز کے 5 لاکھ 15 ہزار 324 ریال سے بڑھ کر 5 لاکھ 16 ہزار 354 ریال ہوگئی جبکہ متحدہ عرب امارات کے درہم کی شرح 5 لاکھ 26 ہزار 199 ریال سے بڑھ کر 5 لاکھ 27 ہزار 251 ریال ریکارڈ کی گئی۔ پاکستانی روپے کے مقابلے میں بھی ایرانی ریال کی قدر میں معمولی اضافہ ہوا ہے، سینٹرل بینک آف ایران کے مطابق 100 پاکستانی روپے کی سرکاری شرحِ تبادلہ 7 لاکھ 140 ایرانی ریال مقرر کی گئی، جو ایک روز قبل 6 لاکھ 98 ہزار 900 ریال تھی، اس حساب سے ایک پاکستانی روپیہ تقریباً 7 ہزار 1 ایرانی ریال کے برابر ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی خرید و فروخت کی صورتحال مختلف ہے،مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایک کروڑ ایرانی ریال کا پیکٹ اس وقت 5 ہزار سے 6 ہزار پاکستانی روپے میں خریدا اور فروخت کیا جارہا ہے، جبکہ رواں سال اپریل میں یہی پیکٹ 8 ہزار سے 10 ہزار روپے تک میں دستیاب تھا۔ رپورٹ کے مطابق جنگ دوبارہ شروع ہونے کے بعد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستان میں ایرانی ریال خریدنے کے رجحان میں بھی کمی آئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ایرانی مرکزی بینک کی سرکاری شرحِ تبادلہ اور پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں رائج نرخوں کے درمیان فرق برقرار ہے۔





