Roze News

عمران خان کا واضح پیغام ہے کہ تم نے جھکنا نہیں اور نظریے پر ڈٹے رہنا ہے، رہائی کیلئے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، سلمان اکرم راجا

عمران خان کا واضح پیغام ہے کہ تم نے جھکنا نہیں اور نظریے پر ڈٹے رہنا ہے، رہائی کیلئے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، سلمان اکرم راجا

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

علامہ ناصر اور محمود خان اچکزئی جھکنے اور بکنے والے لوگ نہیں، بانی کا بلڈ پریشر193 تک پہنچ گیا، ہم ان کی صحت کے حوالے سے فکر مند ہیں، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی گفتگو

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان کا واضح پیغام ہے کہ ”تم نے جھکنا نہیں ہے“، وہ اپنے نظریے، جمہوریت اور عوام کی حکمرانی کے اصول سے کسی صورت پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے علامہ ناصر اور محمود خان اچکزئی کو بڑی سوچ بچار کے بعد ذمہ داریاں سونپی ہیں کیونکہ وہ جھکنے اور بکنے والے لوگ نہیں ہیں۔

میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ عمران خان کی طرف سے جو پیغام دیا گیا ہے وہ نظریے پر ڈٹے رہنے کا پیغام ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ علامہ ناصر اور اچکزئی صاحب جھکنے اور بکنے والے لوگ نہیں ہیں، میں نے انہیں بڑی سوچ بچار کے ساتھ مقرر کیا ہے، جو عہدے انہیں دیے ہیں ان میں ایک وراثت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”مجھے بھی یہی حکم آیا ہے کہ نظریے پر ڈٹے رہو، کھڑے رہو اور خان صاحب کا جو حکم ہے اس پر عمل ہوگا۔“ صوبوں کے حوالے سے گفتگو پر بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ عمران خان کسی صورت اپنے اصول، جمہوریت اور عوام کی فلاح کے نظریے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔

سلمان اکرم راجا کے مطابق عوام کی حکمرانی عمران خان کے لیے سب سے مقدم ہے، چاہے وہ پنجاب کے عوام ہوں، خیبرپختونخوا کے عوام ہوں یا کسی دوسرے صوبے کے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر قابو میں نہیں آ رہا اور گزشتہ روز بھی 193 تک پہنچ گیا تھا، پارٹی ممبران ان کی صحت کو لے کر فکر مند ہیں۔

سوال کیا گیا کہ کہا گیا تھا کہ عمران خان ملاقاتوں کے ذریعے کسی قسم کی سیاسی میسجنگ نہیں کریں گے، کیا ان بیانات سے ملاقاتوں کا سلسلہ رک سکتا ہے؟اس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی تین گھنٹے کی طویل ملاقات کوئی چھپی ڈھکی نہیں تھی۔

لطیف کھوسہ صاحب خود ایم این اے بھی ہیں اور سیاستدان بھی، جیل میں مائیکروفونز بھی لگے ہوتے ہیں۔ اس ملاقات کے بعد باتوں کو بیان کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر اور محمود خان اچکزئی کے متعلق عمران خان کی جو بات سلمان صفدر نے انہیں بتائی ہے، وہ مکمل اعتماد کی بات ہے۔ انہیں بھی جو احکامات دیے گئے ہیں وہ اصولوں پر مبنی ہیں۔

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یقیناً پارٹی میں اس وقت ایک چھوٹا گروہ موجود ہے جو ان سے ناراض ہے۔ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ زیادہ نظریاتی ہیں یا اصولوں کی بات کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اس وقت رہائی کا کوئی موقع تلاش کرنا چاہیے، چاہے وہ 28ویں ترمیم کے ذریعے ہو یا کسی اور معاملے کے ذریعے حل نکلے، حالانکہ عمران خان کا پیغام اس کے بالکل برعکس ہے۔ سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ ”ہم نے اصولوں کو نہیں چھوڑنا کیونکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل اسی اصول پر مبنی ہے۔“

28ویں ترمیم اور صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ سے چھوٹے صوبوں کے حق میں رہے ہیں، لیکن اس معاملے میں پس منظر اور تقسیم ہونے والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی شفاف رائے انتہائی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے حوالے سے اس ملک میں ہمیشہ سے ایک سوالیہ نشان رہا ہے، بلکہ ریفرنڈم کا لفظ ایک مکروہ بن چکا ہے۔ ہم بھاگ کر کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس میں تاریخ ہمیں الزام دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”ہم بالکل اس چیز کے حامی ہیں کہ ملک میں چھوٹے یونٹس بننے چاہئیں، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اس معاملے میں جمہوری عمل کو کیسے آگے بڑھایا جائے گا۔“

سلمان اکرم راجا کے مطابق تحریک انصاف چھوٹے انتظامی یونٹس کی حمایت کرتی ہے، تاہم صوبوں کی تقسیم جیسے حساس معاملے میں عوام کی آزادانہ اور شفاف رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے اور کسی بھی فیصلے میں جمہوری اصولوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔