اسکردو میں میاں، بیوی اور دو بچوں کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق اسکردو میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو قتل کرنے والے ملزم کرم میں روپوش تھے جبکہ قتل میں مبینہ طور پر پانچ افراد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ مرکزی ملزم رجب سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول شوہر کا تعلق اسکردو، خاتون کا پارا چنار سے تھا، ملزمان نے 4 سالہ بچے اور 2 سالہ بچی کو بھی قتل کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور پولیس نے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی گلگت بلتستان آصف مہمند کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، پسند کی شادی سے متعلق پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
پولیس نے کہا اسکردو کی مدنیہ کالونی میں گھر میں گھس کر محمد اسلم، ان کی اہلیہ ہانیہ اسلم اور دو بچوں کو تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔ مقتول بچوں میں چار سالہ مہدی اور دو سالہ زہرا شامل ہیں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق پسند کی شادی کے باعث مقتول اسلم کو ماضی میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہی تھیں۔
واقعے کے بعد اسکردو میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے، جبکہ ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔





