محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی علاقوں میں مطلع جزوی یا مکمل ابر آلود رہنے اور سردی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے،وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی محسوس کی جائے گی۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور صبح و رات کے اوقات میں موسم سرد رہے گا۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ڈی آئی خان، لکی مروت اور ملحقہ علاقوں میں بھی رات کے وقت ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند یا اسموگ پڑنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود جبکہ صبح اور رات کے وقت موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم جنوبی سندھ میں دن کے اوقات میں موسم نسبتاً گرم رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے وقت چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں دونوں علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سب سے زیادہ بارش میرکھانی میں 5 ملی میٹر، دروش میں 3 ملی میٹر، دیر زیریں میں 2، دیر بالائی میں ایک اور کالام میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بابوسر میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔





