Roze News

اسکردو : 5 سال قبل کورٹ میرج کرنے والے میاں، بیوی اور دو کمسن بچوں کا قتل، 10 افراد گرفتار

اسکردو : 5 سال قبل کورٹ میرج کرنے والے میاں، بیوی اور دو کمسن بچوں کا قتل، 10 افراد گرفتار

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

5 سال قبل کورٹ میرج کرنے والے میاں، بیوی اور دو کمسن بچوں کے قتل کیس میں 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسکردو میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں کے سفاکانہ قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ پولیس نے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی گلگت بلتستان آصف مہمند کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، پسند کی شادی سے متعلق پہلو کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

پولیس نے کہا اسکردو کی مدنیہ کالونی میں گھر میں گھس کر محمد اسلم، ان کی اہلیہ ہانیہ اسلم اور دو بچوں کو تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔ مقتول بچوں میں چار سالہ مہدی اور دو سالہ زہرا شامل ہیں۔

مقتول جوڑے نے تقریباً چھ سال قبل کراچی میں پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد وہ اسکردو منتقل ہوگئے تھے۔ شوہر کا تعلق اسکردو جبکہ اہلیہ کا تعلق پاراچنار سے تھا۔

مقدمہ مقتول محمد اسلم کے بھائی خادم حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں خاتون کے والد، بھائیوں اور ماموں کو نامزد کیا گیا ہے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق پسند کی شادی کے باعث مقتول اسلم کو ماضی میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہی تھیں۔

واقعے کے بعد اسکردو میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے، جبکہ ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔