Roze News

پاکستان ترقی پذیر ممالک کے جی 24 گروپ کا چیئرمین بن گیا، وزیراعظم کا اظہارِ مسرت

جی 24 گروپ

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اسلام آباد: پاکستان نےعالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی آوازمؤثر بنانے کےلیےجی 24 گروپ کی سربراہی سنبھال لی،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جی 24 کے نئے چیئرمین بن گئے ہیں۔اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھاکہ پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی مناسب نمائندگی اورمنصفانہ مالیاتی نظام کے لیے آواز بلندکرے گا، عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی اہمیت دینےکی ضرورت ہے، معاشی استحکام کےثمرات سرمایہ کاری،روزگار اورعوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آنےچاہئیں۔

وزیرخزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے اور تمام ممالک کو فیصلہ سازی میں مناسب حصہ دینے پر زوردیا،ترقی پذیر ممالک کو سستی اور بروقت مالی معاونت فراہم کی جائے، قرضوں کے مسائل کا پائیدارحل نکالا جائے اورموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔محمد اورنگزیب نے کہا پاکستان جی 24 کی سربراہی میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر کام کرےگا، ترقی پذیرممالک میں سرکاری اورنجی سرمایہ کاری بڑھانے کےساتھ معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہوگی۔

ان کا کہنا تھاکہ جی 24 کی کامیابی کا اصل پیمانہ ترقی پذیرممالک کےعوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے، پاکستان ترقی پذیرممالک کی اجتماعی آوازکو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیےاپنا کردار ادا کرے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (جی 24) کی چیئرمین شپ ملنے پر اظہارِ مسرت کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نےکہاکہ یہ پیشرفت عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت دے گی۔انہوں نےورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھی سراہتے ہوئےکہا کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کو مزید مضبوط کرے گی۔