کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک بار پھر نئے صوبوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے 4 صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یوم شہدا، یوم فضائیہ اور سلام پاکستان کی تقریب باوقار طریقے سے جاری ہے، وطن کے شہدا کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پاکستان کو بنانے والے بانی صوبوں میں شامل ہے، پاکستان اپنے 4 صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم اور دائم رہے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام صرف سندھ میں موجود ہے، ملک میں کہیں اور ایسا لوکل باڈیز سسٹم نہیں ہے۔
چند روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جو تجویز پیش کی ہے وہ گھسی پٹی ہے، مزید صوبے نہیں بن سکتے۔
