پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار ندیم بیگ نے اپنی شاندار اداکاری اور باوقار شخصیت سے کئی دہائیوں تک سینما پر راج کیا، آج وہ 85 برس کے ہوگئے ہیں۔
پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اور ہر دلعزیز اداکار ندیم بیگ نے زندگی کی 85 بہاریں مکمل کر لیں۔ اپنی لازوال اداکاری، باوقار شخصیت اور منفرد انداز کے باعث کئی دہائیوں تک سلور اسکرین پر راج کرنے والے اداکار کو مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔
ندیم بیگ، جن کا اصل نام مرزا نذیر بیگ ہے، 19 جولائی 1941 کو بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وجے واڑہ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوئے، جہاں تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ندیم فلمی دنیا میں اداکار نہیں بلکہ گلوکار بننے کے خواب کے ساتھ آئے تھے، تاہم قسمت نے انہیں اداکاری کے میدان میں ایسا مقام دیا کہ وہ پاکستان فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین ہیروز میں شمار ہونے لگے۔
ندیم نے 1967 میں فلم “چکوری” سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ پہلی ہی فلم کی کامیابی نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے فلم بینوں کے پسندیدہ اداکار بن گئے۔
1974 میں ریلیز ہونے والی فلم “آئینہ” ان کے کیریئر کی سب سے کامیاب اور یادگار فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ ندیم نے اردو اور پنجابی زبان کی دو سو سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور کئی یادگار کردار ادا کیے۔
اپنے طویل فلمی سفر کے دوران ندیم نے “آئینہ”، “تلاش”، “بندش”، “قربانی”، “دل لگی”، “سنگم” اور “دیوانے تیرے پیار کے” سمیت متعدد کامیاب فلموں میں شاندار اداکاری کی۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا، جن میں نگار ایوارڈز بھی شامل ہیں۔
حکومت پاکستان نے 1997 میں فن کے شعبے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔
ندیم بیگ آج بھی اپنی بہترین اداکاری، شائستگی، باوقار انداز اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث پاکستانی شوبز دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر فنکار برادری، مداحوں اور فلمی حلقوں کی جانب سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

Leave feedback about this