Roze News

برطانیہ کی روس پر حملوں کی منصوبہ بندی، زیلنسکی ماسکو اور نیٹو میں تصادم چاہتے ہیں: ماریہ زخارووا

ماریہ زخارووا

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

ماسکو: روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی دہشت گردانہ حملوں کے ذریعے یوکرین تنازع کے حل کے لیے جاری مذاکرات کو سبوتاژ کرنے اور روس اور نیٹو ممالک کے درمیان براہِ راست تصادم کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں، جبکہ برطانیہ روسی سرزمین کے اندر یوکرینی حملوں کے لیے اہداف کا تعین کر رہا ہے۔

پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ماریہ زخارووا نے یوکرین تنازع، برطانیہ کی جنگ میں مبینہ براہِ راست شمولیت، روس کے خلاف مغربی پابندیوں، صحافیوں کے تحفظ، جاپان کی عسکری پالیسی اور مالدووا کی صورتحال سمیت متعدد اہم بین الاقوامی امور پر روس کا مؤقف بیان کیا۔ماریہ زخارووا نے کہا کہ زیلنسکی اپنے اقدامات کے ذریعے جان بوجھ کر روس اور نیٹو ممالک کے درمیان براہِ راست تصادم پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ تنازع کو مزید وسعت دی جاسکے اور اس کے حل کے لیے جاری مذاکراتی عمل کو مکمل طور پر ناکام بنایا جاسکے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ زیلنسکی کو لاکھوں افراد کی زندگیوں اور مستقبل کی کوئی پروا نہیں، خصوصاً مغربی یورپ کے شہریوں کی، جن کے ممالک یوکرین کے بڑے مالی معاون بن چکے ہیں۔روسی ترجمان نے کہا کہ یوکرین تنازع کے حل کے لیے یورپی ممالک کی مذاکرات پر آمادگی محض دکھاوا ہے، جس کی آڑ میں یورپی یونین روس کے خلاف اپنی جارحانہ پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ یوکرین کے حامی ممالک کے اتحاد کے حالیہ اجلاس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں شریک ممالک پرامن تصفیے میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ تنازع کو طول دینا چاہتے ہیں۔