Roze News

سرگودھا ہر قیمت پر پہنچیں گے، چاہے جان ہی کیوں نہ دینی پڑے، مولانا فضل الرحمان

سرگودھا ہر قیمت پر پہنچیں گے، چاہے جان ہی کیوں نہ دینی پڑے، مولانا فضل الرحمان

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

انتظامیہ ہمارے راستے میں کھڑی رکاوٹیں فوری طور پر ہٹائے بصورت دیگر پورا ملک بند رہے گا، کارکنوں سے خطاب

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے جان بوجھ کر ان کا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں، ہم پُرامن اور منظم انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہر قیمت پر اپنی منزل سرگودھا تک پہنچیں گے، چاہے اس کے لیے جان ہی کیوں نہ دینی پڑے۔

مولانا فضل الرحمان لاہور سے قافلے کی صورت میں سرگودھا کی جانب رواں دواں ہیں جہاں انہوں نے مختلف مقامات پر کارکنان سے خطاب کیا۔ ان کی جماعت آج سرگودھا میں جلسہ کر رہی ہے جس سے وہ خطاب کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے مولانا فضل الرحمان اور مولانا امجد خان سمیت جمعیت علمائے اسلام کے 9 رہنماؤں کے ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ڈی سی کے مطابق جے یو آئی (ف) کے رہنما 30 روز تک سرگودھا میں داخل نہیں ہو سکیں گے اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سرگودھا جاتے ہوئے ملتان روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم کوئی جرم کرنے یا ہنگامہ آرائی کے لیے نہیں نکلے بلکہ اپنے آئینی اور جمہوری حق کا استعمال کر رہے ہیں، انتظامیہ ہمارے راستے میں کھڑی رکاوٹیں فوری طور پر ہٹائے۔

انہوں نے کہا کہ کوہستان سے چترال، چمن سے مکران اور کراچی تک کارکنوں کی استقامت کے باعث ملک بند ہو چکا ہے، وہ تھک جائیں گے لیکن ہم نہیں تھکیں گے۔ ہم نے اپنی پوری تاریخ پُرامن جدوجہد کیساتھ رقم کی ہے اور انسانی جان کی قدر و تحفظ کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا خون دینے کیلیے تیار ہیں، کارکن ڈٹے رہیں، انتظامیہ کو ہمارا راستہ کھولنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف جبر اور دوسری طرف ہمارے صبر کی انتہا ہے، یہ صبر کا مقابلہ ہے اور ان شاء اللہ صبر ہی جیتے گا۔ اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، ہم اپنا حق حاصل کرکے رہیں گے اور قوم و عوام کو بھی ان کا حق دلوائیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد سول بالادستی کو مضبوط بنانا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ پولیس، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر قانون کے تابع ہوں اور کسی جابر قوت کے اشاروں پر کام نہ کریں۔ انتظامی افسران کو آزاد کرانا چاہتے ہیں اور درحقیقت ان کی آزادی کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں۔

واضح رہے 24 نومبر کو لاہور میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائشگاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی تھیں، جس کے باعث وہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے اجتماع میں براہِ راست شرکت اور خطاب نہیں کر سکے تھے اور انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق بیانات کے بعد مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت مخالف بیانات کے بعد مولانا فضل الرحمان۔ ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز ہوا جس پر پارٹی نے حکومت پر ’کریک ڈاؤن‘ اور ’انتقامی کارروائی‘ کے الزامات عائد کیے تاہم حکومتی رہنماؤں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔