Roze News

ملک بھر میں موسم خشک , سرد، پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند , اسموگ کا امکان

ملک بھر میں موسم خشک , سرد، پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند , اسموگ کا امکان

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

اتوار کے روز کی موسمی صورتحال کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی برقرار رہے گی۔

خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی، سندھ کے شمالی اور بلوچستان کے بالائی اضلاع میں صبح اور رات کے وقت سردی کی شدت محسوس کی جائے گی۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع بشمول مری اور گلیات میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم، صبح اور رات کے اوقات میں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، اوکاڑہ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو، بہاولپور اور گردونواح کے چند مقامات پر دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

 اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی پڑنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں سرد رہا۔ آج سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 6، اسکردو میں منفی 3 اور گوپس میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔