بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک اور وزیراعظم نریندر مودی کی ایک ہی تقریب میں موجودگی کی تصویر جاری کرتے ہوئے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا
بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے کی تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی ایک ہی صف میں موجودگی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مودی پر ملک سے غداری کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی اخبار دی وائر کے مطابق کانگریس نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر تقریب کی ایک تصویر جاری کی، جس میں نریندر مودی اور مصدق ملک کو ایک ہی صف میں چند نشستوں کے فاصلے پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، کانگریس نے دونوں شخصیات کو سرخ دائروں میں نمایاں کرتے ہوئے مودی حکومت کی پاکستان سے متعلق پالیسی پر سوالات اٹھائے۔
کانگریس نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ نریندر مودی اسی مصدق ملک کے ساتھ ایک تقریب میں موجود ہیں جنہوں نے ماضی میں بھارت کا ہاتھ کاٹنے اور اسے خون میں نہلانے کی دھمکی دی تھی، وہ اسی پاکستان کے نمائندے کے ساتھ بیٹھے ہیں جس پر بھارت میں دہشت گردی کی سرپرستی کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، اب شاید پاکستانی وزیر کو بریانی بھی کھلائی جائے گی اور تاج محل کی سیر بھی کرائی جائے گی۔
یہ الزامات کانگریس کے سیاسی مؤقف کا حصہ ہیں، تقریب کی دستیاب تصویر سے دونوں رہنماؤں کی ایک ہی صف میں موجودگی کی تصدیق ہوتی ہے، تاہم اس سے ان کے درمیان براہِ راست ملاقات یا بات چیت ثابت نہیں ہوتی۔
کانگریس نے اس سے قبل بھی مصدق ملک کو بھارت مدعو کرنے پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جماعت کی ترجمان سپریا شرینیت نے سوال اٹھایا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات اور دہشت گردی سے متعلق بھارتی الزامات کے باوجود پاکستانی وزیر کو نئی دہلی کیوں بلایا گیا، کانگریس نے مصدق ملک کے جون میں دریائی پانی کے تنازع پر دیے گئے سخت بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے اپنی پاکستان پالیسی واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں 20 سے 22 نومبر تک شنگھائی تعاون تنظیم کا پہلا تہذیبی مکالمہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان سمیت تنظیم کے تمام رکن ممالک کو دعوت دی گئی تھی جب کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما نلن کوہلی نے کانگریس کی تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کوئی خصوصی دعوت نہیں دی گئی بلکہ یہ ایک کثیرملکی تقریب ہے اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات سے متعلق بھارتی حکومت کی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی۔
پاکستانی وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک 20 نومبر کو نئی دہلی پہنچے تھے، جہاں پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور سعد وڑائچ نے ان کا استقبال کیا، بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو میں مصدق ملک نے امید ظاہر کی کہ خطے کے ممالک کے باہمی تعلقات بہتر ہوں گے، خطے کی جغرافیائی و سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی، سماجی اور دیگر مسائل کو وسیع علاقائی تناظر میں دیکھا جائے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس دورے کا مقصد رکن ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور تہذیبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے، پاکستان اور بھارت کے تعلقات مئی 2025ء کی فوجی کشیدگی کے بعد سے تناؤ کا شکار ہیں، تاہم دونوں ممالک شنگھائی تعاون تنظیم جیسے کثیرملکی فورمز میں شرکت کرتے رہے ہیں۔





