Roze News

مولانا فضل الرحمان کے گھر پر ڈرون کی اڑان، سربراہ جے یو آئی کے بیٹے کا شدید ردعمل

مولانا فضل الرحمان کے گھر پر ڈرون کی اڑان، سربراہ جے یو آئی کے بیٹے کا شدید ردعمل

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

ان لوگوں میں شرم و حیا نام کی کوئی شے نہیں، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرکے تم نے جس جرم کا ارتکاب کیا ہے، اسے ہم بھولیں گے نہیں، ہر سطح پر اس کا حساب لیا جائے گا؛ مولانا اسجد محمود کا بیان

جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد میں واقع گھر پر ڈرون کی پرواز اور اس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر جاری کیے جانے کے واقعے پر مولانا کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود نے انتہائی سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

رہنماء جے یو آئی ف مولانا اسجد محمود نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ان عناصر میں شرم و حیا نام کی کوئی شے باقی نہیں رہی، چادر اور چار دیواری کے مقدس تقدس کو پامال کرتے ہوئے جس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کیا گیا ہے، اسے ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا اور ہر سطح پر اس کا باقاعدہ حساب لیا جائے گا، مخالفین اس بات پر طیش میں ہیں کہ ان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے کیوں لایا جا رہا ہے، ہم اس عزم پر قائم ہیں کہ مزید شدت کے ساتھ ان عناصر کے چہروں سے یہ مکروہ نقاب اتار کر دم لیں گے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ رات کے پچھلے پہر اسلام آباد پولیس کے اہلکار مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر آئے اور دعویٰ کیا کہ ان کے موبائل فونز میں ایک ویڈیو موجود ہے، اس ویڈیو میں مبینہ طور پر دکھایا گیا کہ چند افراد گلی کے آغاز میں کھڑے ہو کر اندر آنے والوں سے شناخت پوچھ رہے ہیں اور خود کو مولانا کے اہلکار ظاہر کر رہے ہیں، تاہم پولیس اہلکاروں کی جانب سے دکھائی جانے والی ویڈیو حقیقت میں ہماری گلی کی ہے ہی نہیں۔

مولانا اسجد محمود نے الزام عائد کیا کہ رات گئے پولیس کا اس طرح گھر پر دھمکنا، کوئی غیرمتعلقہ اور جھوٹی ویڈیو دکھا کر ہراساں کرنا اور سکیورٹی ہٹانے کے احکامات صادر کرنا، دراصل مولانا فضل الرحمان اور ان کے اہل خانہ کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے اور ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی ایک گہری اور سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے، حکومتِ وقت فوری طور پر یہ واضح کرے کہ اس غیر قانونی اور شرمناک کارروائی کا حکم کس نے دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اس قوم کے عظیم رہنما ہیں، قائدِ جے یو آئی اور ان کے اہلِ خانہ کی جان و مال کی سیکیورٹی ریاست کی اہم ترین ذمہ داریوں میں شامل ہے، آج کے بعد اگر کوئی بھی غیرمعمولی یا ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومتِ وقت اور ان کے آقاؤں پر عائد ہوگی اور وہ ہمارے مجرم ہوں گے، اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈے جے یو آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے پختہ حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتے، قوم اور کارکنان کو اس صورتحال میں مکمل بیدار رہنا چاہیئے۔