پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان کے لیے سرحدیں بند کرنے کی خبریں درست نہیں ہیں۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان کو ایرانی اشیا کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں، ایل پی جی سمیت ایرانی اشیا کی پاکستان برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کی تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھلی ہیں، موجودہ حالات میں پاکستان کے ساتھ سرحدیں بند کرنا ایران کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ای فارم طریقہ کار میں تبدیلی سے ایران سے سامان کی ترسیل متاثر ہوئی، ایران سے پاکستان سامان بھیجنے میں تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے، ای فارم طریقہ کار سے متعلق مسئلے کے حل کے لیے پاکستان سے مشاورت جاری ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایل پی جی لے جانے والے کئی سو ٹرک رمدان بارڈر سے گبد میں داخل ہوئے، ایل پی جی سے لدے ٹرک کئی ہفتوں سےپاکستان کی طرف سے کلیئرنس کے منتظر ہیں، ایل پی جی ٹرکوں کی کلیئرنس نہ ہونے سے دوطرفہ تجارت متاثر ہورہی ہے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران پاکستان سرحدی تجارت اعلیٰ سطح پر طے پانے والے دوطرفہ معاہدوں کاحصہ ہے، ایران دوطرفہ تجارت کے فروغ اور مشکلات کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت دونوں ممالک اور عوام کے مفاد میں ہے، پاکستان کے ساتھ قریبی رابطوں سے تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔





