انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپریل کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لئے نامزد کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔ مردوں کے زمرے میں بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا، عمان کے کپتان جتیندر سنگھ اور متحدہ عرب امارات کے فاسٹ بولر اجے کمار کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جبکہ خواتین کے زمرے میں جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ، سری لنکا کی بیٹر امیشا دولانی اور برازیل کی آل رانڈر لورا کارڈوسو شامل ہیں۔بنگلہ دیش کے نوجوان فاسٹ بولر ناہید رانا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔ انہوں نے دوسرے ون ڈے میں 5 وکٹیں لے کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ عمان کے کپتان نے کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے266 رنز سکور کیے۔
انہوں نے نیپال کے خلاف91 گیندوں پر139 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر عمان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی سکور بھی بنایا۔ متحدہ عرب امارات کے فاسٹ بولر نے اپنے ابتدائی 2 ون ڈے میچوں میں متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے عمان کے خلاف 6 وکٹیں لے کر سب کی توجہ حاصل کی۔ خواتین کے زمرے میں جنوبی افریقا کی کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز میں مسلسل عمدہ بیٹنگ کی۔
انہوں نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں سکور کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔سری لنکا کی اوپنر نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں116 رنز بنا کر پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ٹی 20 سیریز میں بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ برازیل کی آل رائونڈر نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 7 میچوں میں203 رنز بنانے کے ساتھ17 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہوں نے لیسوتھو کے خلاف صرف 4 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں، جو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی ایک منفرد کارکردگی قرار دی جا رہی ہے۔آئی سی سی کے مطابق ایوارڈ کے فاتحین کا انتخاب ووٹنگ اکیڈمی اور شائقینِ کرکٹ کی رائے سے کیا جائے گا، جس کا اعلان رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا۔

Leave feedback about this