Roze News

تحریک انصاف کا پیپلزپارٹی سے اتحاد کیلئے 3 شرائط کا اعلان

تحریک انصاف کا پیپلزپارٹی سے اتحاد کیلئے 3 شرائط کا اعلان

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

پیپلزپارٹی شرائط تسلیم کرتی ہے تو یقین ہوگا کہ یہ نورا کشتی نہیں ہے، بلاول کے بارے میں یہی کہوں گا کہ ’بڑی دیر کی مہربان آتے آتے‘ اگر توبہ کرلی ہے تو پھر شرائط تسلیم کریں؛ پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما معروف قانون دان سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے اور اس حوالے سے ریفرنڈم کی حمایت کرتی ہے، تاہم 28 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ اور صوبوں سے متعلق معاملات سامنے آنے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اس ضمن میں اپنی گفتگو کے دوران بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جب 28 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آئے گا تو اسے دیکھ کر فیصلہ کریں گے، صوبوں کے حوالے سے جب چیزیں سامنے آئیں گی تو پھر دیکھا جائے گا، تاہم تحریک انصاف نئے صوبوں کے حق میں ہے اور صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کی حمایت کرتی ہے، ریفرنڈم کے بعد صوبے بنانے کا طریقہ کار طے ہونا چاہیئے۔

پنجاب میں حکومتی معاملات اور بدعنوانی سے جڑے بیانات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے وزیر خود بیان دے رہے ہیں جو بڑی باتیں ہیں، کرپشن کے الزامات اپوزیشن لگائے تو وہ اور بات ہے، مگر حکومتی وزیر الزامات عائد کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر پنجاب میں حکومت کی عمارت خطرے میں نظر آ رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے لیے تین شرائط رکھ دی ہیں، پہلی شرط یہ ہے کہ مخصوص نشستیں واپس تحریک انصاف کو دی جائیں، دوسری شرط یہ کہ خیبر پختونخواہ میں گورنر راج کا خاتمہ کیا جائے اور تیسری شرط یہ ہے کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ اور سینیٹ میں ہمارے ساتھ اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی یہ تینوں شرائط تسلیم کرتی ہے تو پھر تحریک انصاف کو یقین ہوگا کہ یہ نورا کشتی نہیں ہے، اگر بلاول بھٹو زرداری نے توبہ کر لی ہے تو پھر یہ شرائط تسلیم کریں اور ان کے بارے میں یہی کہوں گا کہ ’بڑی دیر کی مہربان آتے آتے‘۔

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے اراکینِ قومی اسمبلی کے ایک اہم اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے بانی چیئرمین عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں سے متعلق پی ٹی آئی کے مؤقف کی حمایت کا خیر مقدم کیا گیا، تاہم اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اپنے بیانات کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ میں گورنر راج کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں اور گورنر راج و ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں قومی اسمبلی میں ووٹ نہ دیں۔