امریکی شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی ایڑی کے پٹھے کی سرجری کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ ظہران ممدانی رواں ماہ صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ دوستانہ فٹ بال میچ کھیلتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کی ایڑی کے پٹھے متاثر ہوئے تھے۔
اس سے قبل 20 نومبر کو سٹی ہال میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ممدانی نے خوشگوار موڈ میں کہا تھا کہ میدان میں اترنے کے کچھ ہی دیر بعد انہوں نے ایک شاندار گول داغا، لیکن جوش میں وہ یہ بھول گئے کہ ان کی عمر اب 35 برس ہو چکی ہے، جس کے تھوڑی ہی دیر بعد ان کی ایڑی کا پٹھا پھٹ گیا۔
انہوں نے اس چوٹ کی وجہ کھیل سے قبل مناسب وارم اپ نہ کرنے کو قرار دیا، تاہم فخریہ انداز میں یہ بھی بتایا کہ ان کی ٹیم نے صحافیوں کی ٹیم کو 5 کے مقابلے میں 10 گول سے واضح شکست دی تھی۔
میئر کے پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن مکمل طور پر کامیاب رہا ہے اور ڈاکٹروں کو ظہران ممدانی کی جلد اور مکمل صحت یابی کی توقع ہے، وہ اس وقت اسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر پر آرام کر رہے ہیں، تاہم سٹی ہال نے میئر کی رازداری (پرائیویسی) کے پیشِ نظر متعلقہ اسپتال کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ ظہران ممدانی نے رواں ہفتے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ یہ ان کی زندگی کی پہلی سرجری ہے، جس کی وجہ سے وہ قدرے خوفزدہ بھی ہیں۔
سٹی ہال کے شیڈول کے مطابق میئر ہفتے اور اتوار کو آرام کریں گے اور کسی عوامی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے، جبکہ پیر کے روز سے وہ دوبارہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔





