چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے خیریت دریافت کی جبکہ مولانا نے بلاول کو رہائشگاہ سیل کرنے کے معاملے سے آگاہ کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میرے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا اور خواتین کوگھر سے نکال کرہراساں کیا گیا جس پر بلاول بھٹو نے ان سے اظہار یکجہتی کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کی رہائش گاہ کو سیل ،اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتا ہوں۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی زیر قیادت حکومتی وفد کی ملاقات ہوئی تھی۔
زرداری ہاؤس پہنچنے والے وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، طارق فضل چوہدری اور بلال اظہر کیانی بھی شامل تھے، سینئر پی پی رہنما شیری رحمان اور نوید قمر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پی پی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے اسحاق ڈار سے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست کی تھی۔





