Roze News

لوک میلہ 2026 کا آغاز 27 نومبر سے ہوگا، اورنگزیب خان کھچی

lok mela

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اسلام آباد:نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) کے زیر اہتمام 10 روزہ لوک میلہ 2026 کا انعقاد 27 نومبر سے 6 دسمبر تک اسلام آباد میں کیا جائے گاجس میں پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافتی روایات، لوک ورثے،روایتی دستکاری، موسیقی، رقص اور علاقائی کھانوں کو اجاگر کیا جائے گا۔میلے کا موضوع ’’نقوشِ وطن: ہمارا ورثہ، ہمارا مستقبل‘‘ رکھا گیا ہے۔میلے کی تیاریوں کا آغاز نومبر کے اوائل میں لوک ورثہ میں کر دیا گیا تھا جبکہ فنکاروں، دستکاروں، ہنرمندوں، ثقافتی گروپس اور دیگر متعلقہ شعبوں کی شرکت کے لیے اسٹالز کی بکنگ اور ضروری انتظامات کا عمل بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں مختلف انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ میلے کا انعقاد خوش اسلوبی سے یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو ملک کے مختلف علاقوں کی ثقافتی رنگا رنگی سے روشناس ہونے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ لوک میلہ ایک اہم قومی ثقافتی تقریب ہے جو پاکستان کے بھرپور اور متنوع ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے، مقامی فنون اور دستکاری کے فروغ اور ملک کی علاقائی ثقافتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے روایتی ہنر کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دستکاروں اور لوک فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں اور ثقافتی اظہار کے مظاہرے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

میلے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر مختلف ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا، جن میں لوک تھیٹر، عصری آرٹ تھیٹر، بچوں کے لیے پتلی تماشے، لوک رقص، اوپن مائیک سیشنز، لوک موسیقی کی محفلیں، روایتی کھانے اور علاقائی ثقافتی پویلین شامل ہوں گے۔میلے میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بین الاقوامی شرکا کے پویلین بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں ان علاقوں کی منفرد ثقافتی شناخت، روایتی دستکاری، مقامی مصنوعات اور تاریخی ورثے کو پیش کیا جائے گا۔

میلے کی اہم سرگرمیوں میں خصوصی میوزیکل نائٹس بھی شامل ہوں گی، جن میں ملک کے مختلف علاقوں کی موسیقی اور ثقافتی روایات کو اجاگر کیا جائے گا۔ میلے کا آغاز 27 نومبر کو افتتاحی تقریب اور قوالی نائٹ سے ہوگاجبکہ 28 نومبر کو آزاد جموں و کشمیر میوزیکل نائٹ اور 29 نومبر کو پنجاب میوزیکل نائٹ منعقد کی جائے گی۔اسی طرح 30 نومبر کو گلگت بلتستان میوزیکل نائٹ، یکم دسمبر کو لوک ڈھولک گیت نائٹ، 2 دسمبر کو بلوچستان میوزیکل نائٹ اور 3 دسمبر کو لوک رنگ میوزیکل نائٹ کا انعقاد ہوگا۔

میوزیکل نائٹس کے سلسلے میں 4 دسمبر کو سندھ میوزیکل نائٹ اور 5 دسمبر کو خیبر پختونخوا میوزیکل نائٹ منعقد کی جائے گی، جبکہ میلے کا اختتام 6 دسمبر کو اختتامی تقریب اور گرینڈ میوزیکل نائٹ کے ساتھ ہوگا۔میلے میں بچوں کے لیے خصوصی پلے ایریا بھی قائم کیا جائے گا، جہاں خاندانوں اور کم عمر افراد کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام ہوگا۔لوک ورثہ کے مطابق اس سالانہ ثقافتی میلے کا مقصد دستکاروں، لوک فنکاروں اور ثقافتی شعبوں سے وابستہ افراد کو اپنی صلاحیتوں اور روایات کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا، ثقافتی تنوع کو فروغ دینا، مقامی ورثے کا تحفظ اور قومی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔لوک میلہ 2026 عوام کے لیے 27 نومبر سے 6 دسمبر تک لوک ورثہ اسلام آباد میں جاری رہے گا۔