Roze News

کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی فون کالز اور خط کا جواب دینے سے انکار کردیا، ملاقات کی کوشش بھی ناکام

کم جونگ اُن

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

واشنگٹن: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رابطے کی متعدد کوششوں کا جواب دینے سے انکار کردیا، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی تازہ کوشش بھی ناکام ہوگئی ہے۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان قائم ٹیلی فون لائنز اور دیگر سفارتی ذرائع کے ذریعے کم جونگ اُن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم شمالی کوریا کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔رپورٹ کے مطابق فون کالز کا جواب نہ ملنے پر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو ایک خط بھی لکھا، لیکن اسے کم جونگ اُن تک پہنچانا امریکی حکام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن گیا۔

اس مقصد کے لیے وائٹ ہاؤس حکام نے ایک منصوبہ بنایا اور ایک امریکی وفد کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن کے دفتر کے باہر تعینات کیا۔ جب شمالی کوریا کا ایک سفارت کار وہاں سے گزرا تو امریکی وفد کے ارکان نے اسے ٹرمپ کا خط تھما دیا۔تاہم ذرائع کے مطابق بعد ازاں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس کے دوران شمالی کوریا کے سفارت کار نے وہ خط، جو کھولا بھی نہیں گیا تھا، ایک امریکی نمائندے کے سامنے پھینک دیا۔ٹرمپ اپنے پہلے دورِ صدارت کے دوران کم جونگ اُن سے تین مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا معاملہ مرکزی اہمیت رکھتا تھا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوسکا تھا۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق رواں ہفتے ٹرمپ کے دورہ ایشیا کے موقع پر بھی کم جونگ اُن سے ملاقات کی کوشش کی گئی، لیکن یہ کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی۔مذاکرات سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں نے آخری لمحات میں براہ راست ملاقات کے امکان کا جائزہ لیا تھا، تاہم کم جونگ اُن نے ایسی شرائط پیش کیں جنہیں امریکا قبول کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما اب اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے دستبردار ہونے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے اور امریکا سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اسے ایک باقاعدہ جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کیا جائے۔

امریکی انٹیلی جنس کے سالانہ جائزے میں بھی گزشتہ سال یہ بات سامنے آئی تھی کہ کم جونگ اُن اپنے اسٹریٹجک ہتھیاروں کے پروگرام پر کسی قسم کی سودے بازی کا ارادہ نہیں رکھتے۔رپورٹ کے مطابق 2019 میں ٹرمپ سے آخری ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت اندازاً 20 سے 30 جوہری وار ہیڈز موجود تھے، جن کی تعداد اب بڑھ کر تقریباً 60 ہوچکی ہے۔

اس کے علاوہ شمالی کوریا نے ٹھوس ایندھن سے چلنے والے ایسے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی تیار کیے ہیں جو امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے بار بار رابطے کی کوششوں کے باوجود کم جونگ اُن کی خاموشی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ امریکا شمالی کوریا کو اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار کرانے میں تاحال کامیاب نہیں ہوسکا۔