Roze News

پی ٹی آئی کے اسیر رہنماؤں نے بھی چیف جسٹس پاکستان کو عمران خان سے متعلق خط لکھ دیا

پی ٹی آئی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بعد کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں نے بھی چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام مشترکہ خط لکھ دیا۔کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمرسرفرازچیمہ، محمودالرشید اور اعجاز چوہدری نے اپنے وکیل کی وساطت سے خط لکھا۔خط میں کہا گیا کہ سیاسی رہنماؤں کو بغیر ٹھوس شواہد کے مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہے، وہ کوئی سیاسی رعایت یا خصوصی سلوک نہیں مانگتے بلکہ آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں تک رسائی اور علاج فراہم کیا جائے۔خط میں چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے جیل اصلاحات کے لیے قومی سطح پر اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جیل کی دیواروں کے پیچھے بھی شہریوں کے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے، سابق وزیراعظم کے آئینی حقوق اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونا جیل اصلاحات کےدعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔

خط کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق سنگین تحفظات ہیں، عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کر سکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عمل درآمد تو یقینی بنائیں۔اسیر رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی اپیل کی اور مطالبہ کیا کہ قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیرالتوا مقدمات اور اپیلوں پر غیرجانبدارانہ اور فوری فیصلے کیے جائیں، عدالتی کارروائی کو سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک رکھا جائے اور عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کیا جائے۔