بلوچستان کے نوجوانوں کیلئےہزاروں ملازمتوں کا اعلان کردیاگیا۔ بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے وفاقی محکموں میں خصوصی بھرتیوں کا عمل باقاعدہ شروع کر دیا گیاہے،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے وفاقی وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں میں ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، منصوبے کے تحت 13 وفاقی وزارتوں کے ماتحت 100 سے زائد محکموں میں بھرتیوں کا عمل کل سے شروع ہوگا۔
وفاقی محکموں میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے مجموعی طور پر 5 ہزار ملازمتیں مختص کی گئی ہیں، جن پر مرحلہ وار بھرتیاں کی جائیں گی۔حکام کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو شفاف اور میرٹ کے مطابق مکمل کرنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اس سلسلے میں 100 سے زائد وفاقی کمیٹی ممبران اور متعلقہ حکام بھرتیوں کی نگرانی کریں گے، جبکہ سیکرٹریز اور وفاقی سیکرٹریز پر مشتمل کمیٹیوں کے ارکان خود بلوچستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کرکے بھرتی کے عمل میں حصہ لیں گے تاکہ امیدواروں کی اہلیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جاسکے۔
وفاقی حکومت کے اس خصوصی اقدام کے تحت مختلف وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں میں ہزاروں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے پر بلوچستان کے نوجوانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، منصوبے کو وفاقی اداروں میں بلوچستان کی نمائندگی بڑھانے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔





