جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی واپس لے لی گئی جبکہ جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا صاحب کے گھر کی ناکہ بندی شروع کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر تعینات ایف سی کا پلاٹون واپس بلا لیا گیا، جبکہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تعینات پولیس کی تمام سیکیورٹی بھی ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔اسی طرح مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے بھی ایف سی اور پولیس کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو 15 منٹ کے اندر اپنی ڈیوٹیاں چھوڑ کر واپس روانہ ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
سیکیورٹی برانچ ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق گزشتہ رات گئے تک سیکیورٹی برانچ کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی کلوز کر دی گئی تھی، جبکہ آج صبح ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے کے ساتھ تعینات پولیس اہلکاروں کو واپس بلا کر سیکیورٹی ڈیوٹیاں ختم کر دیں، سیکیورٹی واپس لینے کے اس اقدام کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں میں مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان نے کارکنوں کو تیار رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی قائدین اور کارکنوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے جب کہ جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ مولانا صاحب کے گھر کی ناکہ بندی شروع کر دی گئی ہے، بلا اشتعال کاروائیاں جاری ہیں ۔حکومت قانون کی حدود میں رہے۔سنیٹر کامران مرتضٰی نے کہا کہ وکلاء اور کارکنان ہوشیار رہیں، قائدین کے تحفظ کیلئے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہیں۔





