کیش اکانومی منی لانڈرنگ کا بڑا ذریعہ بن گئی،سولر پینلز کی درآمد کی آڑ میں 60 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
چیئرمین نیشنل اینٹی منی لانڈرنگ اتھارٹی مشتاق سکھیرا نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کو بریفنگ میں بتایاکہ ایک بلڈوزر ڈرائیور کے بینک اکاؤنٹ سے 12 ارب روپے کی مشکوک رقم بھی پکڑی گئی۔
بریفنگ میں انکشاف کیاگیاکہ کوہستان اسکینڈل میں بھی مقامی بینکوں کے ذریعے رقوم منتقل ہوئیں،منی لانڈرنگ میں بینک سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں، مشتاق سکھیرا کےمطابق ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کے لیے حکومت کو پالیسی پیپر بھی بھجوا دیا گیا ہے۔
کمیٹی نے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ اور آن لائن فراڈ کی روک تھام کے اقدامات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی طلب کرلیا،کمیٹی نے پی ٹی اے کو ایک شخص کے نام پر موبائل فونز اور سمز کی تعداد محدود کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔





