آٹا بحران کا خاتمہ یا عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ؟،پنجاب میں سرکاری آٹے کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا، 10 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے سے بڑھا کر 1275 روپے کردی جائے گی، جس کے بعد شہریوں کو سرکاری آٹے کا تھیلا 175 روپے مہنگا ملے گا۔ محکمہ فوڈ اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان قیمتوں میں اضافے کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
دوسری جانب نجی کمپنیوں نے بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ نجی کمپنیوں کے 5 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 40 روپے اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد قیمت 1150 روپے سے بڑھ کر 1190 روپے ہوگئی ہے، نجی کمپنیوں کا آٹا 8 روپے فی کلوگرام اضافے کے بعد 238 روپے فی کلوگرام کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں نے دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب معیاری آٹے تک رسائی بھی مشکل ہوگئی ہے،شہریوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں عوام کی قوت خرید کے مطابق رکھی جائیں تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
دوسری جانب کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، آٹے کے نرخ تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے جبکہ کمشنر کراچی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ سرکاری نرخ جولائی کے بعد سے تبدیل نہیں کیے گئے۔ جولائی میں ڈھائی نمبر آٹے کے سرکاری نرخ 122 روپے فی کلو مقرر کیے گئے تھے۔ فائن آٹا ہول سیل میں مزید 13 روپے اضافے کے بعد 200 روپے فی کلو ہوگیا جبکہ ریٹیل میں فائن آٹا 220 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔ اسی طرح ڈھائی نمبر آٹا ہول سیل میں 180 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل میں 200 روپے فی کلو دستیاب ہے۔





