چین میں سائنسدانوں نے ایک ایسی نئی قسم کا کنگھا تیار کیا ہے جو درحقیقت گنج پن کو ریورس کرنے اور بالوں کو برق رفتاری سے اگانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
Beihang یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈی ٹینگل نامی یہ الیکٹرونک کنگھا بالوں کی نشوونما بحال کرنے میں گنج پن کے روایتی ٹریٹمنٹس کے مقابلے میں بہت زیادہ مؤثر ہے۔
ابھی یہ ڈیوائس تجرباتی مراحل میں ہے اور اس کی آزمائش فی الحال چوہوں پر ہی کی گئی ہے۔
تحقیقی ٹیم کے مطابق ابتدائی نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ الیکٹرونک کنگھا Androgenetic alopecia کے علاج میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
عام طور پر اس سے مرد زیادہ متاثر ہوتے ہیں جو کہ ایک موروثی اور ہارمونل مرض ہے جس کے نتیجے میں مردوں سر کے اوپر کے بال جھڑنے لگتے ہیں اور بتدریج گنج پن کا شکار ہو جاتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق یہ کنگھا اس عمل کو متحرک کرتا ہے جس سے بالوں کی نشوونما کی رفتار تیز ہو جاتی ہے۔
یہ بنیادی طور پر الیکٹرو سٹیمولیشن سنکرونائزنگ طریقہ کار کے ذریعے بالوں کی جڑوں والے حصوں میں ایک برقی میدان تیار کرتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ اس سسٹم سے بالوں کی بحالی ایک ماہ کے اندر مکمل ہو جاتی ہے یا کم از کم چوہوں میں تو یہی نتیجہ سامنے آیا ہے۔
عام طور پر بالوں کے اس عارضے کے لیے Minoxidil نامی دوا استعمال کی جاتی ہے جو کافی مؤثر ثابت ہوتی ہے، مگر بالوں کی بحالی میں ایک سال یا اس سے زائد عرصہ لگ سکتا ہے اور اس کے بعد بھی دوا کا استعمال مسلسل جاری رکھنا پڑتا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس کی آزمائش چوہوں پر کی گئی تو انسانوں پر یہ کنگھا کس حد تک مؤثر ثابت ہوگا، یہ کہنا مشکل ہے۔
محققین کے مطابق اس کی مزید آزمائش کے بعد ہی انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز کا آغاز ہوسکے گا تاکہ اس کے محفوظ اور مؤثر ہونے کی تصدیق ہوسکے۔





